سڈنی کے مغرب میں تین افراد کے قتل کے بعد مشتبہ شخص کی تلاش جاری
پولیس کے مطابق جمعرات کی رات خصوصی ٹیکٹیکل یونٹس اور پولیس ہیلی کاپٹروں کو سڈنی سے تقریباً 450 کلومیٹر مغرب میں واقع چھوٹے قصبے لیک کارجیلیگو روانہ کیا گیا، جہاں شام تقریباً 4:20 بجے فائرنگ کے بعد 37 سالہ جولیئن انگراہم کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔
سڈنی: آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز (این ایس ڈبلیو) میں پولیس جمعہ کی صبح بھی اُس شخص کی تلاش میں مصروف رہی جس پر گھریلو تشدد سے متعلق فائرنگ کے واقعے میں تین افراد کو ہلاک کرنے کا الزام ہے۔
پولیس کے مطابق جمعرات کی رات خصوصی ٹیکٹیکل یونٹس اور پولیس ہیلی کاپٹروں کو سڈنی سے تقریباً 450 کلومیٹر مغرب میں واقع چھوٹے قصبے لیک کارجیلیگو روانہ کیا گیا، جہاں شام تقریباً 4:20 بجے فائرنگ کے بعد 37 سالہ جولیئن انگراہم کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی گئی۔
این ایس ڈبلیو پولیس فورس نے بتایا کہ جمعہ کو ایک 25 سالہ خاتون اور 32 سالہ مرد کو ایک گاڑی میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
کچھ ہی دیر بعد ایک قریبی مکان کے ڈرائیو وے میں 50 سالہ خاتون اور 19 سالہ نوجوان کو گولیاں ماری گئیں۔ خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ نوجوان کو تشویشناک مگر مستحکم حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق 25 سالہ خاتون، جسے ہلاک کیا گیا، مشتبہ شخص کی سابقہ شریکِ حیات تھی اور وہ حاملہ بھی تھیں۔
پولیس نے علاقے کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں کے اندر رہیں، کھڑکیوں سے دور رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر ہنگامی خدمات سے رابطہ کریں۔