تلنگانہ میں شدید گرمی بدستوربرقرار رہنے کا امکان
محکمہ موسمیات کے حیدرآباد مرکز نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ سخت دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور ہلکے رنگوں کے کاٹن کے ڈھیلے ملبوسات زیب تن کریں۔
حیدرآباد: مانسون کی آمدمیں تاخیر کی وجہ سے تلنگانہ میں جھلسادینے والی گرمی کی لہر بدستور جاری رہنے کا امکان ہے۔ گرمی کی شدت کومدنظر رکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع میں آر ینج اورایلوالرٹ جاری کیا ہے اور انتباہ دیا کہ ریاست کے کئی مقامات پر اعظم ترین درجہ حرارت 41سے 45 ڈگری سلسیس کے درمیان رہے گا۔
جمعہ کے روز ریاست کے چند اضلاع جن میں بھدرادری کتہ گوڑم‘ پداپلی‘سوریہ پیٹ‘کمرم بھیم آصف آباد شامل ہیں‘میں اعظم ترین درجہ حرارت 45 ڈگری سلسیس سے زائددرج کیاگیا شدیدگرمی کے پیش نظر ان اضلاع میں آرینج الرٹ جاری کردیا گیا ہے اس کامطلب یہ ہے کہ ان اضلاع میں شدید گرمی رہے گی۔
تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ اینڈڈیولپمنٹ سوسائٹی کے مطابق ضلع کتہ گوڑم موضع ملکاپلی جمعہ کے روز ریاست کا گرم مقام رہاجہاں اعظم ترین درجہ حرارت 45.3 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
اضلاع عادل آباد‘کمرم بھیم آصف آباد‘ منچریال‘ پداپلی‘جئے شنکر بھوپال پلی‘ملگ‘ بھدرادری کتہ گوڑم‘کھمم‘ نلگنڈہ اور سوریاپیٹ میں آئندہ 2دنوں کیلئے ایلوالرٹ جاری کیاگیا ہے۔ جنوب مغربی مانسون توقع ہے کہ 20جون کوریاست میں داخل ہوگا۔ ایسی پیش قیاسی کی گئی ہے کہ جولائی کے دوسرے ہفتہ میں انتہائی شدید بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے حیدرآباد مرکز نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ سخت دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور ہلکے رنگوں کے کاٹن کے ڈھیلے ملبوسات زیب تن کریں۔ دریں اثناء جمعہ کے روز حیدرآباد میں اعظم ترین درجہ حرارت 38.6 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا جومعمول کے درجہ حرارت سے 4ڈگری سلسیس زیادہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں تک شہر کا مطلع ابرآلودرہے گا۔ ہفتہ کی شام میں ہلکی بارش کا امکان ہے جس سے عوام کوشدید گرمی سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔