تلنگانہ کے کئی علاقوں میں گرمی کی شدید لہر کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے عوام پر زور دیا کہ وہ گرمی، دھوپ سے بچنے کی کوشش کریں۔ خود کو ٹھنڈا رکھیں اور جسم میں پانی کو کم ہونے نہ دیں۔ وقفہ وقفہ سے کثرت سے پانی پیتے رہیں۔

حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے ریاست تلنگانہ کے چند حصوں میں گرمی کی شدید لہر کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 2 دنوں کے دوران ان مقامات پر اعظم ترین درجہ حرارت44ڈگری سلسیس تک چھوجانے کا امکان ہے۔
محکمہ کے عہدیداروں نے اتوار کے روز یہ بات بتائی۔ حیدرآباد کے مرکز موسمیات نے ریاست کے اضلاع عادل آباد، کمرم، بھیم، آصف آباد، منچریال، نرمل، جگتیال، کریم نگر، پداپلی،جئے شنکر بھوپال پلی، ملگ، بھدرا دری کتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، محبوب آباد، ورنگل اور ہنمکنڈہ کے بعض مقامات پر آرینج الرٹ (گرمی کی شدید لہر) جاری کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دھوپ میں نکلنے اور سخت محنت کرنے والے افراد میں گرمی سے مربوط نقص صحت کے مسائل کیعلامتیں ہوسکتی ہیں۔ گرمی کی شدید لہر سے شیرخوار، کمسن بچوں اور ضعیف افراد کے علاوہ دیگر عوارض کے شکار افراد کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے عوام پر زور دیا کہ وہ گرمی، دھوپ سے بچنے کی کوشش کریں۔ خود کو ٹھنڈا رکھیں اور جسم میں پانی کو کم ہونے نہ دیں۔ وقفہ وقفہ سے کثرت سے پانی پیتے رہیں۔ پیاس نہ بھی لگے تو پانی پیتے رہنا چاہئے۔
ناریل پانی، چاول کا پانی(تورانی) چھانچھ، لسی، لیمو اور دیگر شربت اور او آر ایس کا استعمال کرنا چاہئے۔ اتوار کے روز ضلع کھمم کے چند مقامات پر گرمی کی شدید لہر تھی جبکہ عادل آباد، ہنمکنڈہ، نلگنڈہ، کتہ گوڑم اور پداپلی اضلاع کے بعض مقامات گرمی کی لہر کی لپیٹ میں تھے۔
تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے مطابق ضلع پداپلی کا موضع ایسالہ تکلا پلی ریاست کا گرم مقام رہا جہاں آج اعظم ترین درجہ حرارت44.8 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے موضع جمنوگا اور ضلع پداپلی کے گاؤں پالتھیم میں اعظم ترین درجہ حرارت44.5 ڈگری سلیس ریکارڈ کیا گیا۔ دفتر محکمہ موسمیات نے 20 جون کو ریاست کے اضلاع کے کئی علاقوں میں ایلوالرٹ(گرمی کی لہر) جاری کیا ہے جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت40-43 ڈگری سلیس کے درمیان رہے گا۔
ان اضلاع میں عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، بھدرادری کتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ اور سوریا پیٹ شامل ہیں۔