شانگریلا گروپ کی جانب سے معذورین کے لیے خصوصی دعوتِ افطار، ماہرین کا تعلیم و تعاون پر زور
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس انور الہدی، سابق ڈائریکٹر جنرل پولیس آندھرا پردیش نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد تقریب ہے جہاں معذور افراد کے لیے خصوصی طور پر افطار کا اہتمام کیا گیا۔
حیدرآباد: شانگریلا گروپ آف انسٹیٹیوشنس کے زیر اہتمام جی اے ایم گارڈن، گولکنڈہ قلعہ میں معذور افراد کے لیے ایک منفرد اور خصوصی دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا، جسے شرکاء نے ایک مثالی اور قابلِ تقلید اقدام قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس انور الہدی، سابق ڈائریکٹر جنرل پولیس آندھرا پردیش نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد تقریب ہے جہاں معذور افراد کے لیے خصوصی طور پر افطار کا اہتمام کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ معذوری کے باوجود ان افراد کا حوصلہ، خود اعتمادی اور مختلف شعبہ جات میں کامیابیاں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معذور افراد کی تعلیم اور روزگار ایک بڑا مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے معاشرے کو آگے آنا ہوگا۔
طارق انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے معذور اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنی چاہیے اور انہیں بھی معاشرے کا باعزت حصہ بنانے کے لیے اقدامات کرنے چاہیے۔
ڈاکٹر اشیش چوہان نے اس تقریب کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت پیغام بھی دیتے ہیں۔
سابق چیف سیکریٹری اجے مشرا نے کہا کہ انہوں نے کئی افطار تقاریب میں شرکت کی ہے، لیکن اس نوعیت کی تقریب پہلی بار دیکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام بار بار منعقد ہونے چاہیے تاکہ معذور افراد کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔
دیگر مقررین میں محمد علی سہیل، حافظ شعیب نواز اور قاری عبدالرحمن شامل تھے، جنہوں نے معذور افراد کی تعلیم، تربیت اور سماجی شمولیت پر زور دیا۔
تقریب کے میزبان ڈاکٹر سید شفیع الدین اعجاز نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد انسانیت کی خدمت اور معذور افراد کی حوصلہ افزائی ہے تاکہ وہ بھی معاشرے کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بشمول گووند سنگھ (آئی پی ایس)، ڈاکٹر پرشانت اوٹیج، عامر جاوید، کارتک کشن، ڈاکٹر محمد علی، عمر محمد، نظام الدین قریشی، لطیف الدین لطیف، عبدالرزاق اور دیگر نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ محمد شیراز قادری نے نعت شریف پیش کی۔ آخر میں مہمانوں کے لیے پرتکلف افطار و طعام کا انتظام کیا گیا، اور جناب فیض جنگ کے اظہارِ تشکر کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔