اجمیر کے 814ویں عرس کے موقع پر خصوصی ٹرینیں چلیں گی، ایم آئی ایم کی درخواست پر ریلوے کی منظوری
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر نقِیبِ ملت بیرسٹر اسدالدین اویسی کی ہدایت پر نامپلی کے AIMIM رکنِ اسمبلی محمد ماجد حسین نے آج سیکندرآباد ریلوے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آپریشنز مینیجر بی روی چندر اور دیگر اعلیٰ ریلوے عہدیداروں سے ملاقات کی۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر نقِیبِ ملت بیرسٹر اسدالدین اویسی کی ہدایت پر نامپلی کے AIMIM رکنِ اسمبلی محمد ماجد حسین نے آج سیکندرآباد ریلوے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آپریشنز مینیجر بی روی چندر اور دیگر اعلیٰ ریلوے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد 814ویں عرسِ شریف خواجہ غریب نوازؒ کے لئے خصوصی ٹرینوں کی منظوری حاصل کرنا تھا، جو دسمبر 2025 میں مقرر ہے۔
ریلوے حکام نے AIMIM کی درخواست پر خصوصی اجمیر ٹرینوں کی منظوری کی تصدیق کی ہے۔
اس موقع پر AIMIM کے سینئر رہنما مسٹر رفیق (DRUCC ممبر)، محمد جانی، محمد توفیق اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ماجد حسین نے زائرین کی سہولت کے لئے چار خصوصی ٹرینوں کی درخواست پیش کی، جن میں شامل ہیں:
- نامپلی سے اجمیر
- کاچی گوڑا سے اجمیر
- مچھلی پٹنم – اونگل سے اجمیر
- ناندیڑ سے اجمیر
ماجد حسین نے کہا کہ ہر سال مجلس کی نمائندگی پر یہ ٹرینیں منظور ہوتی ہیں اور ہزاروں زائرین کی سہولت کو یقینی بناتی ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ماجد حسین نے بتایا:
“ہم اسدالدین اویسی صاحب کی ہدایت پر یہاں آئے ہیں تاکہ 814 ویں عرسِ شریف کے لئے خصوصی ٹرینوں کی منظوری حاصل کریں۔ ہم نے ٹرینوں کی منظوری کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی میں اضافہ، پینے کے پانی کی فراہمی اور بہتر کوچز فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال ٹرینوں میں چند ناخوشگوار واقعات پیش آئے تھے، اس لئے:
- حیدرآباد سے اجمیر اور واپسی تک سیکیورٹی پرسنلز موجود ہوں
- رش کو سنبھالنے کے لئے اضافی کوچز شامل کیے جائیں
- ٹرینوں میں پانی کی کمی جیسے مسائل نہ ہوں
ریلوے حکام نے ان تمام نکات پر مثبت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔
ماجد حسین نے یہ بھی درخواست کی کہ پچھلے سال کی طرح تمام ٹکٹ کاؤنٹرز ایک ساتھ نہ کھولے جائیں تاکہ بےہنگم رش نہ ہو۔ انہوں نے تجویز دی کہ ٹکٹوں کی فروخت دو مرحلوں میں ہو:
- پہلا مرحلہ کاچی گوڑہ میں
- دوسرا مرحلہ نامپلی میں
اس طرح زائرین بآسانی اور بغیر ہجوم کے اپنے ٹکٹ حاصل کرسکیں گے۔
ریلوے حکام نے یقین دلایا کہ AIMIM کی نمائندگی پر نہ صرف خصوصی ٹرینیں منظور ہوں گی بلکہ زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے اضافی اقدامات بھی کئے جائیں گے۔