گنیش چتورتھی کے موقع پر شاندار تقاریب منعقد کرنے کے اقدامات:میئر حیدرآباد
گنیش چتورتھی کے موقع پر 11 دنوں تک شاندار تقاریب منعقد کرنے کے لیے گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن( جی ایچ ایم سی) نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں، یہ بات شہر کی میئر وجیے لکشمی نے بتائی۔
حیدرآباد: گنیش چتورتھی کے موقع پر 11 دنوں تک شاندار تقاریب منعقد کرنے کے لیے گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن( جی ایچ ایم سی) نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں، یہ بات شہر کی میئر وجیے لکشمی نے بتائی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس تہوار کو ماحول دوست انداز میں منائیں۔ اس مقصد کے لیے جی ایچ ایم سی کی جانب سے دو لاکھ مٹی کی مورتیوں کی تقسیم کی تیاری کی گئی ہے۔
جی ایچ ایم سی کے ہیڈ آفس میں کمشنر آر وی کرنن کے ساتھ مل کر میئر نے ملازمین اور عملہ میں مٹی کی مورتیوں کو تقسیم کیا۔
اس موقع پر میئر نے بتایا کہ گنیش تہوار کے لیے 25 ہزار کارکنان کو تین شفٹوں میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، درختوں کی کٹائی، سڑکوں کی مرمت، وسرجن کے انتظامات کی تیاری جیسے تمام اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔