دہلی

پولیس چیکنگ سے بچنے کیلئے کیب ڈرائیور کی خطرناک ڈرائیونگ، معصوم بچے روتے رہے (ویڈیو)

متاثرہ خاندان دہلی کے کنوٹ پلیس (سی پی) جانے کے لئے ایک کیب میں سوار ہوا تھا۔ راستہ میں پارتھلا برج کے قریب پولیس نے چیکنگ کے دوران ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا، لیکن ڈرائیور نے رکنے کے بجائے گاڑی کی رفتار تیز کر دی

نئی دہلی: گریٹر نوئیڈا ویسٹ کے پارتھلا برج پر ایک خوفناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کیب ڈرائیور نے پولیس چیکنگ سے بچنے کے لئے گاڑی بےقابو انداز میں دوڑا دی۔ گاڑی میں سوار خاندان مسلسل ڈرائیور سے گاڑی روکنے کی اپیل کرتا رہا، لیکن ڈرائیور پولیس کو چکمہ دینے میں لگا رہا۔

اطلاعات کے مطابق متاثرہ خاندان دہلی کے کنوٹ پلیس (سی پی) جانے کے لئے ایک کیب میں سوار ہوا تھا۔ راستہ میں پارتھلا برج کے قریب پولیس نے چیکنگ کے دوران ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا، لیکن ڈرائیور نے رکنے کے بجائے گاڑی کی رفتار تیز کر دی اور رَیش ڈرائیونگ شروع کر دی۔ اس دوران کیب کی ایک گاڑی سے ٹکر بھی ہوئی، مگر ڈرائیور پھر بھی نہ رکا۔

ویڈیو میں واضح طور پر سنا جا سکتا ہے کہ گاڑی میں موجود افراد گھبراہٹ کے عالم میں بار بار ڈرائیور سے گاڑی روکنے کی درخواست کر رہے ہیں، جبکہ ایک بچے کی روتی ہوئی آواز بھی سنائی دیتی ہے۔

متاثرہ خاندان کے ایک رکن سنجے موہن نے یہ واقعہ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شیئر کیا اور لکھا:
"آج میں اور میرا خاندان نوئیڈا سے سی پی جا رہے تھے۔ پارتھلا برج کے قریب پولیس نے ڈرائیور کو رکنے کو کہا لیکن ڈرائیور نے گاڑی نہیں روکی اور پولیس سے بچنے کے لئے تیز دوڑانے لگا۔”

اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، تاہم ابھی تک پولیس میں باضابطہ شکایت درج نہیں کی گئی۔ حالیہ دنوں میں دہلی، این سی آر میں کیب ڈرائیورز کی من مانی اور مسافروں کی حفاظت کے حوالہ سے کئی ویڈیوز سامنے آ چکے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سفر کے دوران مسافروں کی سلامتی میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ پولیس کے ساتھ ساتھ کیب کمپنیوں کو بھی سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایسے واقعات کا سدباب ہو سکے۔