ایم ایل سی کویتا انتخابی مہم کے دوران بے ہوش
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ایک کھلی ٹاپ گاڑی میں بی آر ایس لیڈرس کے ساتھ کھڑی تھیں اور اس دوران ایک مقامی خاتون لیڈر عوام سے خطاب کررہی تھی۔ تاہم اچانک کے کویتا نے بے چینی محسوس کی اور پلٹ کر واپس ہونے لگیں اور گاڑی میں وہیں بیٹھ گئیں۔
حیدرآباد: ایم ایل سی کلواکنٹلا کویتا آج جگتیال ضلع کے ایتکیال میں انتخابی مہم کے دوران اچانک علیل ہوگئیں اور ان پر تھوڑی دیر کے لئے بے ہوشی طاری ہوگئی۔
کویتا کی ٹیم کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈی ہائیڈریشن (جسم میں پانی کی کمی) کے باعث ایم ایل سی کویتا تھوڑی سی بیمار ہو گئیں تاہم ایک چھوٹے سے وقفے کے بعد انہوں نے انتخابی مہم دوبارہ شروع کردی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ایک کھلی ٹاپ گاڑی میں بی آر ایس لیڈرس کے ساتھ کھڑی تھیں اور اس دوران ایک مقامی خاتون لیڈر عوام سے خطاب کررہی تھی۔ تاہم اچانک کے کویتا نے بے چینی محسوس کی اور پلٹ کر واپس ہونے لگیں اور گاڑی میں وہیں بیٹھ گئیں۔
ان کے ساتھ موجود لوگ گاڑی کے فرش پر کویتا کے اردگرد جمع ہوگئے۔ کچھ وقت کے بعد کویتا نے خود کا ایک ویڈیو جاری کیا جس میں وہ ایک گھر کے اندر ایک بستر پر بیٹھ کر ایک لڑکی سے بات کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا: چھوٹے سے اندیشہ کے لئے معذرت۔ میں بالکل ٹھیک ہوں، اس موقع پر اس پیاری سی لڑکی سے بھی ملاقات ہوگئی اور اس کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد میں خود کو زیادہ توانا محسوس کر رہی ہوں۔ #KCROnceAgain مہم جلد ہی دوبارہ شروع ہوگی۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ انتخابی مہم میں بغیر آرام کے لگاتار حصہ لینے کے باعث بیمار ہو گئیں۔
انہوں نے ہفتہ کے روز جگتیال کے مائتھا پور میں انتخابی مہم چلائی۔ اس موقع پر انہوں نے بی آر ایس پارٹی کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیموں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اب تک کئے گئے تمام وعدے پورے کئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ تلنگانہ میں ترقی کے تسلسل کے لئے بی آر ایس کو ایک بار پھر منتخب کریں۔