مسجد کے اندر سنی عالم دین کا قتل
عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوبی ڈورا علاقے کی ایک مسجد کے امام، شیخ عبدالستار القرغولی کو جمعہ کے روز مسجد کے اندر قتل کر دیا گیا۔
بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد کے جنوبی ڈورا علاقے کی ایک مسجد کے امام، شیخ عبدالستار القرغولی کو جمعہ کے روز مسجد کے اندر قتل کر دیا گیا۔
سنی اوقاف، جو عراق میں سنی مسلم مذہبی امور کی نگرانی کرتی ہے، نے ایک بیان میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی مدد سے واقعہ میں ملوث مجرموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
عراقی وزارتِ داخلہ کے ایک ذریعے نے چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو بتایا کہ شیخ القرغولی کو ایک شدت پسند مذہبی گروہ سے تعلق رکھنے والے انتہا پسندوں نے نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق مسجد کے اندر مولوی کو گھیر کر حملہ کرنے والے کئی افراد کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 2017 میں داعش کی شکست کے بعد عراق میں پرتشدد واقعات میں کمی آئی ہے، تاہم سکیورٹی فورسز، مذہبی رہنماؤں اور عام شہریوں پر اکا دکا حملے اب بھی ملک میں عدم استحکام کا باعث ہیں۔