قومی

گورنر ٹاملناڈو حقیر سیاست کر رہے ہیں: ایم کے اسٹالن

چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے اتوار کے دن گورنر آر این روی پر جم کر تنقید کی۔ انہوں نے ان پر ”حقیرسیاست“ کرنے اور ڈی ایم کے حکومت کے خلاف خوف اور غلط جانکاری پھیلانے کا الزام عائد کیا۔

چینائی (آئی اے این ایس) چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے اتوار کے دن گورنر آر این روی پر جم کر تنقید کی۔ انہوں نے ان پر ”حقیرسیاست“ کرنے اور ڈی ایم کے حکومت کے خلاف خوف اور غلط جانکاری پھیلانے کا الزام عائد کیا۔

چیف منسٹر نے دھرم پوری میں ایک تقریب میں کہا کہ گورنر ریاستی حکومت کو بدنام کرنے میں اپوزیشن سے بھی آگے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر بنگلہ میں ایک شخص بیٹھا ہے جواپوزیشن کو پیچھے چھوڑدینے کی حقیر سیاست کررہا ہے۔ وہ دراوڑین ماڈل اور ہماری دراوڑی زبان کا مذاق اڑا رہا ہے۔

اُس کی مسلسل تنقید سے ٹامل کلچر اور زبان سے ہماری محبت اور بھی بڑھے گی۔ چیف منسٹر نے گورنر روی کا یہ دعویٰ مسترد کردیاکہ ٹاملناڈو عورتوں کیلئے محفوظ نہیں ہے۔

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے بموجب بی جے پی زیراقتدار ریاست اترپردیش خواتین کے خلاف جرائم میں سرفہرست ہے۔

انہوں نے پوچھا کہ اگر تاملناڈو غیرمحفوظ ہے تو پھر ہمارے دورِ حکومت میں 10لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کیسے ہوئی؟ انہوں نے کہا کہ اگلی حکومت پھر دراوڑین ماڈل کی حکومت ہی ہوگی۔ دراوڑین ماڈل 2.0 ٹاملناڈو کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔