ٹیچر نے موبائل کی لت سے چھٹکارا پانے کا انوکھا طریقہ ڈھونڈ لیا
سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ٹیچر نے بچوں کو موبائل فون سے دور رکھنے کا ایسا طریقہ اپنایا کہ بچے موبائل فون دیکھ کر ہی خوف زدہ ہو جائیں۔
لکھنؤ: آج کے دور میں موبائل لوگوں کی زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔ موبائل کچھ دیر کے لیے بھی قریب نہ ہو تو ایسا لگتا ہے جیسے زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہو۔ لوگ چاہے کچھ بھی کر رہے ہوں، ان کے ہاتھ میں موبائل فون ضرور ہے۔
اب تو بچے ایک منٹ بھی موبائل سے دور نہیں رہتے۔ یہی نہیں بلکہ ایک سے دو سال کے بچے بھی موبائل فون پر اصرار کرنے لگے ہیں۔ ایسے میں والدین کے لیے بچوں کو موبائل فون سے دور رکھنا قدرے مشکل ہو گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر آئے روز لوگ کسی نہ کسی طریقے سے موبائل کی لت سے چھٹکارا پانے کے طریقے بتاتے رہتے ہیں۔ ایسی ہی ایک ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ٹیچر نے بچوں کو موبائل فون سے دور رکھنے کا ایسا طریقہ اپنایا کہ بچے موبائل فون دیکھ کر ہی خوف زدہ ہو جائیں۔ وائرل ویڈیو اتر پردیش کے بداون کے ایک اسکول کا ہے۔ جہاں اساتذہ نے بچوں کو آگاہ کرنے کے لیے انوکھا طریقہ اپنایا ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اساتذہ نے اسکول میں بچوں کے سامنے مل کر ایک ڈرامہ پیش کیا ہے، جس سے بچے فون سے دور رہیں۔ ویڈیو میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ایک ٹیچر آنکھوں پر پٹی باندھے آتی ہے اور روتے ہوئے بتاتی ہے کہ اس نے پچھلے کچھ دنوں میں کئی بار موبائل فون دیکھا تھا، اس لیے اس کی آنکھوں سے خون نکل رہا ہے۔ یہ سن کر بچے ڈر گئے اور استاد کی طرف دیکھنے لگے۔
اس کے بعد جب اساتذہ بچوں کو فون دیکھنے کو کہتے ہیں تو بچے ڈر کر انکار کر دیتے ہیں۔ جب ٹیچر نے پوچھا کہ کیا اب وہ موبائل فون استعمال کریں گے تو بچوں نے انکار کردیا۔
اس ویڈیو کو @VikashMohta_IND نامی صارف نے X پر شیئر کیا ہے۔ اس ویڈیو کو اب تک تقریباً 9 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔ کئی صارفین ویڈیو پر تبصرے بھی کر رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی یہ کاوش واقعی قابل ستائش ہے لیکن یہ طریقہ چھوٹے بچوں کے ساتھ ہی اپنایا جا سکتا ہے۔