تلنگانہصحت

تلنگانہ: سرکاری میڈیکل کالجوں میں جلد اسسٹنٹ پروفیسرس کے تقررات: ہریش راؤ

گاندھی اسپتال میں 200بستروں والا یہ ملٹی اسپیشلٹی اسپتال قائم کیاجائے گا۔ انہوں نے جان بوجھ کر وقت سے پہلے زچگی انجام دینے والے ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا۔

حیدرآباد: وزیرصحت تلنگانہ ہریش راو نے اعلان کیاہے کہ ریاست میں جلد ہی اسسٹنٹ پروفیسرس کے 1400 عہدوں کو پُرکیاجائے گا۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت صحت عامہ کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں
کے سی آر کٹر ہندو: ہریش راو
کنٹراکٹ کے 19 یونانی میڈیکل آفیسرس کوحکومت نے مستقل کردیا
عثمانیہ ہاسپٹل کیلئے نئی عمارت تعمیر کی جائے گی: ہریش راؤ
مرکز، تلنگانہ کو 1.43لاکھ کروڑ روپے باقی: ہریش راؤ
تلنگانہ بھر میں جلد کے سی آر نیو ٹریشنل کٹس کی تقسیم کا آغاز

 وزیرموصوف نے حیدرآباد کے پیٹلہ برج میٹرنٹی اسپتال میں انفکشن کے انسداد، جلد پتہ لگانے کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے زیادہ پیچیدہ معاملات سے نمٹنے کے لئے دو نئے ملٹی اسپیشلٹی ایم سی ایچ اسپتالوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک کا قیام نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس(نمس) اور دوسرے کا گاندھی اسپتال میں عمل میں لایاجائے گا۔مختلف اہم شعبہ جات کے ایچ اوڈیز کی نگرانی میں ایسی کئی پیچیدگیوں کی شکار خواتین کو بچانے کے اقدامات کے لئے نمس میں یہ اسپتال قائم کیاجارہا ہے۔یہ سوپر اسپشلٹی 250بستروں والا اسپتال ہوگا۔

گاندھی اسپتال میں 200بستروں والا یہ ملٹی اسپیشلٹی اسپتال قائم کیاجائے گا۔ انہوں نے جان بوجھ کر وقت سے پہلے زچگی انجام دینے والے ڈاکٹرس کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر صحت عامہ کے لئے اسپتالوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ کہتے ہوئے کہ اگر حاملہ خواتین میں مسائل کا بنیادی سطح پر پتہ چل جائے تو اموات کی تعداد کم ہو سکتی ہے،ا نہوں نے کہاکہ زچگی کے دوران اموات کی شرح کا گہرائی سے تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ موت کا سبب معلوم کیاجاسکے۔

ایسا کرنے کے نتیجہ میں اموات کی روک تھام میں کمی کو یقینی بنایاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر مریض کا علاج ڈاکٹراپنی بہن،بیٹی کی طرح کریں۔ایسا کرنے سے ہی ہم ان کا بہتر علاج کرسکتے ہیں۔ مریض کے علاج میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی کا حق ہمیں نہیں ہے۔

ہم تمام عوام کی خدمت کرنے والے ہیں۔ہمیں ا س بات کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے۔شفاف طریقہ سے ہمیں کام کرتے ہوئے عوام کو جوابدہ ہونے کی ضرورت ہے۔تمام کو بہتر خدمات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس اسپتال میں انفکشن کمیٹی کا قیام عمل میں لایاگیا۔انفکشن کمیٹی میں انفکشن کی روک تھام والے ڈاکٹراوراسٹاف کو شامل کیاجائے۔ ہر ہفتہ اس کمیٹی کا اجلاس منعقد کیاجائے اور ہر دن انفکشن کے معاملات میں کمی کے اقدامات کئے جائیں۔

طبی آلات کو اسٹریلائز کرنے کی بھی ضرورت ہے یہ اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اسپتالوں میں حاملہ خواتین کو ورزش کے بارے میں بتایاجارہا ہے تاکہ ان کی زچگی کے دوران آسانیاں ہوسکیں۔

مریضوں کے ساتھ ماں کی طرح رویہ اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے ہریش راو نے کہا کہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو ٹیم ورک کے جذبہ کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو انستھسیا اور پیڈیاٹرک کے شعبہ جات کے ساتھ تال میل کے ذریعہ کام کرنا چاہئے کیونکہ جتنا بہتر تال میل ہوگا، اتنا اچھا اسپتال کام کرے گا۔

وزیرموصوف نے مشورہ دیا کہ ہر اسپتال میں اس طرح کی کمیٹی کا قیام عمل میں لایاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں چار لاکھ شیرخوار بچوں اور حاملہ خواتین کو نیوٹریشن کٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ کئی حاملہ خواتین میں خون کی کمی کی شکایات ہوتی ہیں۔

صحت مند خاتون ہونے پر زچگی میں آسانی ہوتی ہے اسی لئے ریاستی حکومت نے 33اضلاع میں چارلاکھ حاملہ خواتین کو یہ کٹس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پیٹلہ برج میٹرنٹی اسپتال میں انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کے لئے تیار ہے۔ وزیر ہریش راؤ نے اس پروگرام میں اپنی تقریر کا ویڈیو اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی پوسٹ کیا۔