وزیر اعلیٰ تلنگانہ ملک کے پہلے مکمل خودکار ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کا جلد افتتاح کریں گے
حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت 120 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ یہ پراجکٹ شہر کے بنیادی ڈھانچہ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ 15 منزلہ عمارت جدید جرمن ٹکنالوجی سے لیس ہے جہاں انسانی مداخلت کے بغیر گاڑیوں کی پارکنگ اور واپسی کا عمل مکمل ہوتا ہے۔
حیدرآباد: شہرحیدرآباد کے علاقہ نامپلی میں ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی ملک کے پہلے مکمل طور پر خودکار (آٹومیٹڈ) ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کا جلد افتتاح کریں گے۔
حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) ماڈل کے تحت 120 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ یہ پراجکٹ شہر کے بنیادی ڈھانچہ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ 15 منزلہ عمارت جدید جرمن ٹکنالوجی سے لیس ہے جہاں انسانی مداخلت کے بغیر گاڑیوں کی پارکنگ اور واپسی کا عمل مکمل ہوتا ہے۔
اس جدید ترین کامپلکس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں 10 منزلیں صرف پارکنگ کے لئے مختص ہیں جہاں 250 کاریں اور 200 ٹووہیلرگاڑیاں پارک کی جا سکتی ہیں۔ جدید سینسرس کی مدد سے یہ سسٹم گاڑی کی قسم کا خود بخود پتہ لگا لیتا ہے اور محض دو منٹ کے اندر گاڑی واپس لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
عمارت میں گاڑیوں کے لئے 360 ڈگری ٹرن ٹیبل نصب کیا گیا ہے تاکہ ڈرائیوروں کو گاڑی موڑنے میں دشواری نہ ہو۔
پارکنگ کے ساتھ ساتھ اس کامپلکس کو ایک تجارتی مرکز کے طور پر بھی تیار کیا گیا ہے جس میں پانچ منزلیں تجارتی سرگرمیوں کے لئے مختص کی گئی ہیں۔ ان میں دو سنیماتھیٹر اور 11 ویں منزل پر سٹی ویونگ گیلری شامل ہے جہاں سے شہر کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے ویژن کے مطابق یہ منصوبہ حیدرآباد کو ایک عالمی سطح کا شہر بنانے کی سمت میں ایک بڑا قدم ہے جس سے نامپلی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کے دباو میں نمایاں کمی آئے گی۔