تلنگانہ: ڈسٹرکٹ کو آپریٹیو آفیسر رشوت لیتا ہوا پکڑا گیا
اے سی بی کے ڈی ایس پی مدھو نے بتایا کہ ڈی سی اوراتھوڑ اس وقت گرفتار ہوئے جب وہ کوآپریٹیو بینک کے ملازم سے رشوت وصول کر رہے تھے تاکہ ان کے خلاف درج شکایت واپس لی جا سکے
حیدرآباد: تلنگانہ کے منچریال میں ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو آفیسر کو اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے مبینہ طور پر ایک کوآپریٹیو بینک کے ملازم سے دو لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
اے سی بی کے ڈی ایس پی مدھو نے بتایا کہ ڈی سی اوراتھوڑ اس وقت گرفتار ہوئے جب وہ کوآپریٹیو بینک کے ملازم سے رشوت وصول کر رہے تھے تاکہ ان کے خلاف درج شکایت واپس لی جا سکے، معطلی کے دوران تنخواہیں ادا کی جائیں اور ان کے خلاف انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی نہ کی جائے۔
اے سی بی حکام کے مطابق، ڈی سی اونے ملازم سے سات لاکھ روپے رشوت دینے کا مطالبہ کیا۔ کئی بار درخواست کرنے کے بعد ملازم نے پانچ لاکھ روپے دینے پر رضامندی ظاہر کی، تاہم ملازم نے اے سی بی سے رجوع ہوا، جس کے بعد عہدیداروں نے جال بچھا کر ڈی سی اوکو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ڈی سی او کو کریم نگر میں اے سی بی مقدمات کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا اور انہیں عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔