تلنگانہ: کاکتیہ یونیورسٹی کے ہاسٹل میں شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی۔ طالبات محفوظ
صورتحال اس قدر سنگین تھی کہ کئی طالبات نے یونیورسٹی کے مین گیٹ کے پاس احتجاج شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ہاسٹل میں رہ رہی ہیں اور انتظامیہ لاپرواہی برت رہی ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع ورنگل کی کاکتیہ یونیورسٹی میں واقع پدماکشی گرلز ہاسٹل میں ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ ہاسٹل کے مین کرنٹ باکس میں اچانک دھماکہ ہوا، جس کے نتیجہ میں آگ بھڑک اٹھی۔
شارٹ سرکٹ کے سبب ہاسٹل کی مکمل بجلی کی سربراہی معطل ہو گئی۔آگ دیکھتے ہی طالبات میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ جان بچانے کے لئے ہاسٹل سے باہر دوڑ پڑیں۔
صورتحال اس قدر سنگین تھی کہ کئی طالبات نے یونیورسٹی کے مین گیٹ کے پاس احتجاج شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ہاسٹل میں رہ رہی ہیں اور انتظامیہ لاپرواہی برت رہی ہے۔
اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور یونیورسٹی حکام نے موقع پر پہنچ کر طالبات کو سمجھانے اور احتجاج ختم کرنے کی کوشش کی۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ ہاسٹل میں بجلی کی سہولیات اور دیگر حفاظتی انتظامات کا فوری جائزہ لے کر مناسب اقدامات کئے جائیں گے۔