تلنگانہ
تلنگانہ: محبوب نگر میں مال گاڑی پٹری سے اتر گئی
واقعہ بویہ پلی گیٹ کے قریب پیش آیا جہاں ٹرین کی چھٹی بوگی اچانک پٹری سے اتر گئی۔ لوکو پائلٹ نے فوری طور پر خطرہ کو محسوس کرتے ہوئے ٹرین کو روک دیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے محبوب نگر میں ایک مال گاڑی پٹری سے اتر گئی، جس کے باعث محبوب نگر -کرنول ریلوے روٹ پر ٹرینوں کی آمد و رفت تقریباً تین گھنٹے تک متاثر رہی۔
واقعہ بویہ پلی گیٹ کے قریب پیش آیا جہاں ٹرین کی چھٹی بوگی اچانک پٹری سے اتر گئی۔ لوکو پائلٹ نے فوری طور پر خطرہ کو محسوس کرتے ہوئے ٹرین کو روک دیا۔
ٹرین تقریباً 20 میٹر تک سیمنٹ سلیپرز پر بغیر پٹری کے چلتی رہی۔ یہ ٹرین راما گنڈم سے تمل ناڈو جا رہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا۔
حادثہ کے نتیجہ میں چند اہم مسافر ٹرینوں کو روک دیا گیا۔ ریلوے حکام نے فوری حرکت میں آتے ہوئے کاچی گوڑہ سے "ایکشن ریلیف ٹرین” روانہ کی تاکہ متاثرہ مقام پر مرمت کا کام کیا جا سکے اور جلد از جلد ریلوے ٹریفک بحال ہو سکے۔
حکام کے مطابق کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، تاہم واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔