تلنگانہ: آر ایم پی ڈاکٹر کی بروقت حاضر دماغی نے ایک ضعیف شخص کی جان بچائی
تفصیلات کے مطابق ضلع کے گاوں برہمن پلی میں 65 سالہ پی لکشمیا اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف تھا کہ اچانک اس کو دل کا دورہ پڑا اور وہ سانس لینے میں دشواری محسوس کرتے ہوئے وہ وہیں گرپڑا۔
حیدرآباد: آر ایم پی ڈاکٹر کی بروقت کارروائی اور حاضر دماغی نے ایک ضعیف شخص کی جان بچائی۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع کھمم میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کے گاوں برہمن پلی میں 65 سالہ پی لکشمیا اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف تھا کہ اچانک اس کو دل کا دورہ پڑا اور وہ سانس لینے میں دشواری محسوس کرتے ہوئے وہ وہیں گرپڑا۔
وہاں موجود افرادسخت پریشان اور خوفزدہ تھے کہ اب کیا کیا جائے، اسی دوران مقامی آر ایم پی ڈاکٹر گوپال کرشنا وہاں پہنچ گئے جنہوں نے صورتحال کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر لکشمیا کو سی پی آر دینا شروع کر دیا۔
انہوں نے پوری مہارت کے ساتھ دل پر دباو ڈالا تاکہ خون کی گردش اور سانس بحال ہو سکے اور ان کی یہ کوشش رنگ لائی۔ تھوڑی ہی دیر میں لکشمیا ہوش میں آگیا جس پر وہاں موجود افراد نے راحت کی سانس لی۔
مشکل گھڑی میں فرشتے کی طرح پہنچ کر بزرگ کی جان بچانے والے ڈاکٹر گوپال کرشنا کا دیہاتیوں اور لکشمیا کے ارکان خاندان نے شکریہ اداکیا۔ یہ واقعہ اس بات کی ایک اور روشن مثال ہے کہ دل کا دورہ پڑنے کی صورت میں ابتدائی چند منٹ کتنے قیمتی ہوتے ہیں اور اگر سی پی آر جیسی ابتدائی طبی امداد کے بارے میں واقفیت ہو تو قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے۔