تلنگانہ

تلنگانہ آر ٹی سی کی نئی سماجی خدمت یاترادنم کا آغاز

تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آرٹی سی) نے ایک منفرد سماجی خدمت منصوبہ یاترادنم کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقوں کو مشہورمندروں، سیاحتی مقامات اور تفریحی مقامات تک بس کے ذریعہ سفر کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آرٹی سی) نے ایک منفرد سماجی خدمت منصوبہ یاترادنم کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقوں کو مشہورمندروں، سیاحتی مقامات اور تفریحی مقامات تک بس کے ذریعہ سفر کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کل حیدرآباد میں منسٹرس کوارٹرس میں اس پروگرام کا پوسٹر جاری کیا۔ اس موقع پر آرٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر وی سی سجنار، ایگزیکٹو ڈائریکٹرس، سینئر ایچ او ڈیز اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔اس اسکیم کے تحت، کارپوریشن نے ایک مخصوص فنڈ قائم کیا ہے، جس میں افراد، کمپنیوں کے سی ایس آر پروگرام، این آرآئی اور این جی او ز کے علاوہ دیگر تنظیمیں چندہ دے سکتی ہیں۔

خاندان اور خیر خواہوں کی جانب سے بھی یتیم بچوں، بے سہارا بزرگ افراد، معذور افراد اور غریب طلبہ کے لئے سفر کی اسپانسرشپ کی جاسکتی ہے۔کارپوریشن نے تلنگانہ کے اہم منادر اور سیاحتی مراکز کے لئے خصوصی ٹور پیاکیجس تیار کئے ہیں۔ تعاون اور سفر کے فاصلہ کے مطابق، اے سی، سوپر لگژری، ڈیلکس اور ایکسپریس بسیں فراہم کی جائیں گی۔

وزیر پونم پربھاکر نے اس تقریب میں کہا کہ یہ اقدام ان لوگوں کے لئے نعمت ہے جو روحانی اور ثقافتی مقامات کا سفر کرنا چاہتے ہیں مگر مالی وسائل نہیں رکھتے۔ انہوں نے کارپوریٹ کمپنیوں اور فلاحی اداروں سے تعاون کی اپیل کی اور آرٹی سی کے ملازمین سے کہا کہ وہ اسکیم کو مقامی سطح پر سرگرم طور پر فروغ دیں۔