تلنگانہ

تلنگانہ: 9روپئے میں ساڑی خریدنے خواتین کا شاپنگ مال میں ہجوم،دھکم پیل اوربھگدڑ کی صورتحال

کم قیمت پر ساڑی حاصل کرنے کے لئے سینکڑوں خواتین نے مال کا رخ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے شاپنگ مال کے اندر اور باہر بے تحاشا ہجوم جمع ہو گیا۔صبح ہی سے خواتین کی قطاریں مال کے باہر لگنا شروع ہو گئی تھیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے ایک شاپنگ مال میں اُس وقت شدید بدنظمی پیدا ہو گئی جب وہاں 9 روپئے میں ساڑیاں فروخت کرنے کی اسکیم کا اعلان کیا گیا۔

متعلقہ خبریں
فنڈز تو مختص ہوئے، مگر خرچ کیوں نہیں؟ تلنگانہ میں 75 فیصد اقلیتی بہبود بجٹ غیر استعمال شدہ
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے تانڈور میں “خون عطیہ کیمپ”کا انعقاد
سچے دل سے توبہ کرنے والوں کیلئے مغفرت کے دروازے کھل جاتے ہیں: مولانا حافظ پیر شبیر احمد
بھینسہ میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے مسلم ملازم پر قاتلانہ حملہ، فرقہ پرست عناصر کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
ایس ایس سی امتحانات کی تیاری: مفتی ڈاکٹر حافظ صابر پاشاہ قادری کی طلبہ کو اہم ہدایات

کم قیمت پر ساڑی حاصل کرنے کے لئے سینکڑوں خواتین نے مال کا رخ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے شاپنگ مال کے اندر اور باہر بے تحاشا ہجوم جمع ہو گیا۔صبح ہی سے خواتین کی قطاریں مال کے باہر لگنا شروع ہو گئی تھیں۔

جیسے ہی مال کے دروازے کھولے گئے، خریداروں نے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجہ میں دھکم پیل اور بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ اس ہجوم میں کئی خواتین کے گرنے اور معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق، خواتین ساڑیاں حاصل کرنے کے لئے ایک دوسرے سے الجھتی اور کھینچاتانی کرتی نظر آئیں۔ انتظامیہ نے ابتدائی طور پر صورتحال سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن ہجوم کے بے قابو ہونے پر پولیس کو طلب کیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا اور ہجوم کو منتشر کیا۔

مال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کے تحت محدود تعداد میں ساڑیاں فراہم کی جانی تھیں، اور اتنے بڑے ہجوم کی توقع نہیں کی گئی تھی۔ انتظامیہ نے عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسی کسی اسکیم کے لیے مناسب سیکوریٹی اور ہجوم کنٹرول کے انتظامات کئے جائیں گے۔

ادھر سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں خواتین کو ساڑیاں چھینتے اور ایک دوسرے پر گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ صارفین واقعہ پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ میں کسی بڑے نقصان یا شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ مال انتظامیہ نے فوری طور پر سیل منسوخ کر دی ہے اور مال کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔