یو اے ای میں خوفناک سڑک حادثہ، جوڑا جاں بحق، زخمی بچے زیر علاج
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جمعرات کی صبح پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں شمس آباد کے مہدی گارڈن کا رہنے والا جوڑا جاں بحق ہوگیا اور ان کے تین معصوم کمسن بچے شدید زخمی ہوگئے۔
حیدر آباد: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جمعرات کی صبح پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں شمس آباد کے مہدی گارڈن کا رہنے والا جوڑا جاں بحق ہوگیا اور ان کے تین معصوم کمسن بچے شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق 37سالہ سید وحید اپنی اہلیہ 27سالہ ثناء بیگم اور تین بچے7سالہ سدرہ بیگم، ڈھائی سالہ سعدیہ بیگم اور 4ماہ کا شیر خوار سید عمر کے ساتھ یو اے ای میں مقیم تھے۔ جمعرات کی صبح یہ خاندان کار میں سفر کررہاتھا کہ خوفناک سڑک حادثہ کا شکار ہوگیا۔
حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ کار کے پرخچے اڑگئے اور سید وحید اور ا ن کی اہلیہ ثنا ء بیگم موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ سدرہ، سعدیہ اور سید عمر کو شدید زخمی حالت میں علاج کے لئے مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں 4ماہ کا شیر خوار سید عمر کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
یہ تینوں زخمی بچے اپنے چچا سید کی نگرانی میں یو اے ای کے ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ یہ خاندان گذشتہ ماہ 24جولائی کو شمس آباد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد یو اے ای کے لئے روانہ ہوا تھا۔
تمام قانونی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد آج صبح دونوں میتوں کو بذریعہ طیارہ آبائی مقام شمس آباد لایا گیاجہاں محلہ مہدی گارڈن میں غم کا ماحول چھاگیا۔
غمزدہ خاندانوں کو پرسہ دینے اور میتوں کا دیدار کرنے محلے والے، رشتہ دار، دوست و احباب کی بڑی تعداد پہنچی۔ نماز جنازہ، ہفتہ 9اگست کو بعد نماز عشاء جامع مسجد شمس آباد میں ادا کی گئی اور تدفین عید گاہ قبرستان میں عمل میں آئی۔ تفصیلات،فون 9347569105 پر حاصل کرسکتے ہیں۔