سوشیل میڈیا

ایکسپریس وے پر خوفناک حرکت، کیلے بچھانے سے کئی گاڑیوں کے ٹائر پنکچر، بڑا حادثہ ٹل گیا (ویڈیو)

کیلے ٹھونکنے والا شخص قریبی دیہات سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ایکسپریس وے پر گاڑیاں بہت تیز رفتاری سے دوڑتی ہیں، جس کی وجہ سے حادثات کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی خطرے کے خلاف بطور احتجاج اس نے سڑک پر کیلے لگادئے۔

ممبئی: ناگپور۔ممبئی سمردھی ایکسپریس وے پر ایک حیران کن اور خطرناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ چھترپتی سنبھاجی نگر کی روڈ پر نامعلوم افراد نے سڑک پر بڑی بڑی کیلے ٹھونک دئے۔ ان کیلوں کی وجہ سے کئی گاڑیوں کے ٹائر پنکچر ہوگئے اور لوگ شدید پریشانی میں مبتلا تھے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم بروقت ہوشیاری سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔

یہ معاملہ اس لیے اور بھی سنگین سمجھا جا رہا ہے کہ سمردھی جیسی اہم شاہراہ پر متعلقہ محکمہ کی اجازت کے بغیر ایسا عمل نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ سیکڑوں مسافروں کی جان کے لیے خطرہ بھی بن سکتا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایکسپریس وے کے حکام حرکت میں آ گئے اور واقعہ کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ناگپور۔ممبئی سمردھی ایکسپریس وے کے آخری مرحلے کا افتتاح 5 جون 2025 کو ہوا تھا، جس کے بعد یہ شاہراہ مکمل طور پر عام ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔ اس کا باضابطہ نام ہندو ہردے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے مہاراشٹر سمردھی مہا مارگ ہے۔

701 کلومیٹر طویل اور 6 لین پر مشتمل یہ جدید شاہراہ ممبئی کو ناگپور سے جوڑتی ہے۔ پہلے یہ سفر تقریباً 16 گھنٹے میں طے ہوتا تھا، لیکن اب اسے محض 8 گھنٹوں میں مکمل کیا جا سکتا ہے۔ یہ شاہراہ وِدربھ، مراٹھواڑہ اور شمالی مہاراشٹر کے 24 اضلاع سے گزرتی ہے اور اسے دیہی علاقوں کے معاشی فروغ کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، کیلے ٹھونکنے والا شخص قریبی دیہات سے تعلق رکھتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ایکسپریس وے پر گاڑیاں بہت تیز رفتاری سے دوڑتی ہیں، جس کی وجہ سے حادثات کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی خطرے کے خلاف بطور احتجاج اس نے سڑک پر کیلے لگادئے۔

ایکسپریس وے پر احتجاج ظاہر کرنے کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ شہریوں کی شکایات اور خدشات کو سنجیدگی سے سنا جانا چاہئے، لیکن اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے جانیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔