تعمیر ملت کے73 ویں یوم رحمتہ اللعالمینؐ اسپورٹس مقابلے
معروف سابق کرکٹر سید ایوب حسینی نے کل ہند مجلس تعمیر ملت کے73 ویں یوم رحمتہ اللعالمینؐ تقاریب کے ضمن میں کرکٹ کے مقابلوں کے آغاز کیلئے ریڈ ہلز گراونڈ پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
حیدرآباد: معروف سابق کرکٹر سید ایوب حسینی نے کل ہند مجلس تعمیر ملت کے73 ویں یوم رحمتہ اللعالمینؐ تقاریب کے ضمن میں کرکٹ کے مقابلوں کے آغاز کیلئے ریڈ ہلز گراونڈ پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس طرح انہوں نے یوم رحمتہ اللعالمینؐ کے سلسلہ میں منعقدہ اسپورٹس مقابلوں کا افتتاح انجام دیتے ہوئے اس روایت کا احیاء کیا جس کی بنیاد ان کے والد بانی تعمیر ملت سید خلیل اللہ حسینی مرحوم نے75 سال پہلے قائم کی تھی۔
اس سال یوم رحمتہ ا للعالمینؐ تقاریب کے سلسلہ میں کرکٹ کے ساتھ ہی ساتھ فٹبال، والی بال، کبڈی، کراٹے، شوٹنگ، آرم ریسلنگ اور دو ٹکنالوجی یعنی کوڈنگ اور روبوٹکس کے مقابلے بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔ یہ مقابلے یکم اکٹوبر سے 8اکٹوبر تک منعقد ہوں گے۔
ان مقابلوں کیلئے مقرر پہلے دن کرکٹ کے مقابلوں کے ساتھ ہی ساتھ ہائی اسکول گراونڈ گولکنڈہ پر فٹبال اور مغل پورہ انڈور گراونڈ پر والی بال کے مقابلوں کا آغاز کیاگیا۔ والی بال کے مقابلوں کا تعمیر ملت کے جنرل سکرٹری عمر احمد شفیق اور فٹبال کے مقابلوں کا ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ڈائرکٹر محمد نظام الدین نے افتتاح کیا۔
یوم رحمتہ اللعالمینؐ تقاریب کے سلسلہ میں گزشتہ کئی سالوں سے کھیل کود کے مقابلوں کے انعقاد کو روک دیا گیاتھا۔
کرکٹر سید ایوب حسینی نے اس سال یوم رحمتہ اللعالمینؐ تقاریب میں کھیل کود کے مقابلوں کی دوبارہ شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا اور اس سلسلہ میں انہوں نے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چیرمین محمد لطیف خان کے مشورہ اور تعاون کو سراہا۔ محمد لطیف خان کو 73ویں یوم رحمتہ اللعالمینؐ تقاریب کا صدر استقبالیہ بنایا گیاہے۔