شمالی بھارت

کانپور: عقیدت مندوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی تالاب میں گرنے سے 25 افرادہلاک

اتر پردیش کے ضلع کانپورمیں ہفتہ کو دیر شام مندر کے درشن کے لیے عقیدت مندوں کو لے جانے والی ایک ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے تالاب میں گر گئی۔

کانپور: اتر پردیش کے ضلع کانپورمیں ہفتہ کو دیر شام مندر کے درشن کے لیے عقیدت مندوں کو لے جانے والی ایک ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے تالاب میں گر گئی۔

پولیس نے اس حادثہ میں 25 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ کانپور کے تھانہ ساڑھ کے تحت عقیدت مندوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر تالاب میں الٹ گئی۔ حادثے میں 25 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور ایک درجن کے قریب زخمی ہو گئے۔

اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع مجسٹریٹ اور دیگر سینئر افسران کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کا کام کرنے اور زخمیوں کے مناسب علاج کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

واقعے کے حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ کانپور کے ساڑھ تھانہ علاقے کے کورتھا گاؤں کے عقیدت مند ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے فتح پور ضلع کے چندریکا دیوی مندر گئے تھے۔

ٹرالی میں تقریباً 40 افراد سوار تھے۔ مندر میں دیوی کا درشن کرکے واپس آتے ہوئے ساڑھ اورگمبھیر پور گاؤں کے درمیان سڑک کے کنارے ایک تالاب میں ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ تمام عقیدت مند ٹرالی کے نیچے دب گئے۔ چیخ و پکار سن کر موقع پر پہنچے گاؤں والوں نے واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس نے گاؤں والوں کی مدد سے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو نکال کر فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پہنچایا۔ جہاں ڈاکٹروں نے 25 کو مردہ قرار دے دیا۔ جبکہ دیگر کئی عقیدت مند شدید زخمی ہو گئے۔ شدید زخمیوں کوکانپور کے ایک اسپتال میں ریفر کردیا گیا۔