کوکا کولا کمپنی نے تلنگانہ میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا
کوکا کولا کمپنی نے تلنگانہ میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی نے ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو سے اپنے اضافی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا انکشاف کیا۔

حیدرآباد: کوکا کولا کمپنی نے تلنگانہ میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی نے ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو سے اپنے اضافی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا انکشاف کیا۔
کمپنی کے نائب صدر جیمز میک گرینی نے تارک راما راو سے ملاقات کی جو امریکہ کے دورہ پر ہیں۔ جیمز نے کہا کہ ہندوستان ان کی کمپنی کے لیے تیسرا سب سے بڑا بازار ہے اور کمپنی اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی حکمت عملی کے ساتھ پیشقدمی کررہی ہے۔
اس کے ایک حصہ کے طور پرتلنگانہ میں کمپنی نے سرمایہ کاری کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں سنگاریڈی ضلع میں کمپنی کے بوٹلنگ پلانٹ کی توسیع کے لیے 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ تلنگانہ حکومت کے ساتھ 22 اپریل کو سدی پیٹ ضلع میں 1,000 کروڑ کی لاگت سے ایک نئے بوٹلنگ پلانٹ کی تعمیر کے لیے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے تھے۔
کمپنی کاروبار کی ترقی کو ذہن میں رکھتے ہوئے ضلع سدی پیٹ میں فی الحال زیر تعمیر پلانٹ میں مزید 617 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے لیے تیارہے۔ کمپنی کے نمائندوں نے بتایا کہ پلانٹ جو اس وقت زیر تعمیر ہے 21 دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔ کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ دوسرا نیا مینوفیکچرنگ سنٹرقائم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔
کوکا کولا کمپنی کے نمائندوں نے کہا کہ اگر ورنگل علاقہ میں مینوفیکچرنگ پلانٹ کی سرمایہ کاری کو شامل کیا جائے تو یہ 2500 کروڑ روپئے سے زیادہ ہوگی۔تارک راما راو نے سرمایہ کاری کو دوگنا کرنے کے فیصلہ پر کوکا کولا کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے جلد ہی تجویز کردہ نئے دوسرے مینوفیکچرنگ سنٹرکے لیے تمام ضروری تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوکا کولا کمپنی کی طرف سے اعلان کردہ حالیہ اضافی سرمایہ کاری اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست تلنگانہ میں تمام شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری آرہی ہے۔