ایس آئی آر پر نیا تنازع
کانگریس نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے تحت پکڑے گئے دراندازوں کی تعداد، ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے دراندازوں کی تعداد اور ملک سے نکالے گئے دراندازوں کی تعداد بتانے کا مطالبہ کیا ہے۔
نئی دہلی (یواین آئی) کانگریس نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے تحت پکڑے گئے دراندازوں کی تعداد، ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے دراندازوں کی تعداد اور ملک سے نکالے گئے دراندازوں کی تعداد بتانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے چہارشنبہ کے روز سوشل میڈیا ‘ایکس’ پر کہا کہ ملک کے 100 کروڑ لوگوں کو ایس آئی آر کے عمل سے گزرنا پڑا ہے اور انہیں اس کے نتائج جاننے کا حق ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ ایس آئی آر کا دفاع کرنے والے وزیر داخلہ بتائیں کہ کتنے دراندازوں کا پتہ لگایا گیا، کتنے لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے اور کتنے دراندازوں کو ملک سے باہر نکالا گیا۔
مسٹر رمیش نے الزام لگایا کہ ایس آئی آر کے پیچھے کے ماسٹر مائنڈ بار بار دراندازوں کا معاملہ اٹھا کر تقریباً 14 کروڑ ہندوستانیوں کو ان کے آئینی حقِ رائے دہی سے محروم کیے جانے کے مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کو بتانا چاہیے کہ کیا ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے 14 کروڑ ہندوستانی درانداز ہیں اور کیا ان کے دورِ حکومت میں دراندازوں کی تعداد میں اتنا بڑا اضافہ ہوا ہے؟