تلنگانہ: مندر میں چوری، کرناٹک سے تین چور گرفتار
ضلع جگتیال کی پولیس، بیدر پہنچی جس نے اس واردات میں ملوث چوروں میں سے تین کو گرفتارکرلیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع جگتیال کی کنڈاگٹو مندر میں گذشتہ جمعرات کو ہوئی چوری کی واردات کے سلسلہ میں پولیس نے پڑوسی ریاست کرناٹک سے تین چوروں کو گرفتار کرلیا جنہوں نے اس مشہور مندرسے 15کلو نقروی زیورات کی چوری کرلی تھی۔
اس واردات کے ساتھ ہی پولیس نے چوکسی اختیار کی تھی۔پولیس نے اس خصوص میں ایک معاملہ درج کرکے چوروں کی سرگرمی کے ساتھ تلاش شروع کردی تھی۔
اس معاملہ کے سلسلہ میں 10خصوصی ٹیموں کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے شواہد جمع کرنے والی پولیس کو بڑی کامیابی ملی کیونکہ پولیس نے مقامی سل فون ٹاورکی مدد سے اس گروہ کی نقل وحرکت کا پتہ چلاتے ہوئے ان کو کنڑی ریاست کے ضلع بیدر سے گرفتار کیا۔
ضلع جگتیال کی پولیس، بیدر پہنچی جس نے اس واردات میں ملوث چوروں میں سے تین کو گرفتارکرلیا۔پولیس جس نے ان گرفتار چوروں کے پاس سے 8کلومسروقہ نقروی زیورات کو برآمد کیا، مزید دو چوروں کی شدت کے ساتھ تلاش کررہی ہے۔
چونکہ ملزمین قبل ازیں بھی چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا ریکارڈ دکھتے تھے، ان کی تفصیلات کرائم ریکارڈ بیورومیں درج کی گئی تھی جس کے ذریعہ پولیس کو اس معاملہ کو حل کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ ان چوروں تک پہنچ کر ان کو اپنی گرفت میں لینے میں کافی مدد ملی۔
ان چوروں کا تعلق تلنگانہ کے متحدہ ضلع میدک کے نارائن کھیڑ کے قریب واقع تانڈہ سے ہے جو اس تلگو ریاست میں مختلف مقامات پر چوری کی کئی وارداتوں کے بعد بیدر میں پناہ لئے ہوئے تھے۔