اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی آپریشن شروع کردیا
کہ اقوامِ متحدہ کی تنازعات کے سفارتی حل کی درخواستوں کے باوجود اور غزہ میں خونریزی کے ایک سال مکمل ہونے کے بعد بھی اسرائیلی افواج کی جانب سے اب لبنان میں بھی زمینی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
تل ابیب: اسرائیلی افواج کی جانب سے لبنان کے جنوبی مغرب میں زمینی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لبنان کے جنوبی مغرب میں اس کے 146 ویں ریزرو ڈویژن نے زمینی آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سے جنوب مغربی لبنان میں حزب اللّٰہ کے خلاف محدود، مقامی اور ٹارگٹڈ آپریشنز کا آغاز کردیا گیا ہے۔بیان کے مطابق 146 واں ریزرو ڈویژن پہلا ریزرو ڈویژن ہے جو جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کے خلاف زمینی کارروائیوں میں حصہ لے رہا ہے۔
واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کی تنازعات کے سفارتی حل کی درخواستوں کے باوجود اور غزہ میں خونریزی کے ایک سال مکمل ہونے کے بعد بھی اسرائیلی افواج کی جانب سے اب لبنان میں بھی زمینی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترک صدر طیب اردوان نے غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے ایک سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی کی قیمت چکانی پڑے گی۔ترک صدر طیب اردوان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی قاتل حکومت نے ہزاروں لوگوں کا قتل عام کیا ہے، اپنے پیاروں کو کھونے والے غزہ کے فلسطینیوں اور لبنان کے متاثرین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں نسل کشی کا محاسبہ نہ کیا گیا تو دنیا میں کبھی امن نہیں ہوگا، اسرائیل کی نسل کشی، قبضے اور جارحیت کی پالیسی اب ختم ہونی چاہیے۔