بین الاقوامی

یوکرین پر سب سے بڑا ڈرون حملہ

روس نے کل رات یوکرین پر سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی قائد پوٹین پاگل ہوگئے ہیں۔ امریکہ قیام ِ امن کی کوشش میں ہے۔

کیف (اے پی) روس نے کل رات یوکرین پر سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی قائد پوٹین پاگل ہوگئے ہیں۔ امریکہ قیام ِ امن کی کوشش میں ہے۔

روس نے اتوار کی رات 335 ڈرونس استعمال کئے۔ زائداز 3 سال سے جاری جنگ میں یہ سب سے بڑا ڈرون حملہ ہے۔ یوکرینی فضائیہ کے شعبہ مواصلات کے سربراہ نے امریمی نیوز ایجنسی اسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ روس نے 9 کروز مزائل بھی داغے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بعض شہری زخمی ہوئے۔

کسی کے ہلاک ہونے کی فوری کوئی اطلاع نہیں۔ ہفتہ کی رات یوکرینی دارالحکومت کیف اور دیگر علاقے روس کے ڈرون و مزائل حملہ کا نشانہ بنے تھے۔ کم ازکم 12 ہلاکتیں ہوئی تھیں اور کئی دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔ امریکہ جسے یوروپین قائدین کی تائید حاصل ہے‘ جنگ رکوانے کی کوشش میں ہے لیکن اسے کامیابی نہیں ملی۔

ٹرمپ‘ پوٹین پر واضح کرچکے ہیں کہ ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پوٹین کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات چاہتا ہوں لیکن پتہ نہیں اس شخص کو ہوا کیا ہے‘ وہ پوری طرح پاگل ہوگیا ہے۔ وہ غیرضروری لوگوں کی بڑی تعداد کو ہلاک کررہا ہے۔

یوکرین کے شہروں پر بلاوجہ مزائل اور ڈرون حملے ہورہے ہیں۔ امریکی صدر نے خبردار کیا کہ پوٹین اگر سارا یوکرین فتح کرنا چاہتے ہیں تو اس کے نتیجہ میں روس کا زوال ہوگا۔ اتوار کے دن روس اور یوکرین نے مزید سینکڑوں قیدیوں کا تبادلہ عمل میں لایا تھا۔ جاریہ ماہ استنبول میں دونوں ممالک کی بات چیت کے بعد سے 3 مرتبہ قیدیوں کا تبادلہ ہوچکا ہے۔

Photo Source: @Ole_Kondratiuk