بی جے پی کا ایک دن میں 35لاکھ خاندانوں سے ربط کے پروگرام کا آغاز
کریم نگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ جمعرات کی صبح اس پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ پروگرام کے آغاز کے ابتدائی 2گھنٹوں میں 10لاکھ خاندانوں کا احاطہ کیا جاچکا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی نے ایک دن میں ریاست کے 35لاکھ خاندانوں تک پہنچنے کا ایک عوامی رابطہ پروگرام شروع کیا ہے۔ صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے کمار نے حلقہ لوک سبھا کریم نگر میں جمعرات کے روز عوامی رابطہ ”اینٹینٹی بی جے پی“ (ہر گھر والوں تک بی جے پی) پروگرام کا آغاز کیا۔
پارٹی کی مہا، جن سمپرک ابھیان کے حصہ کے طور پر اس پروگرام میں عوام کو وزیر اعظم نریندر مودی کی 9 سالہ کار کردگی اور گزشتہ9برسوں میں مودی حکومت کے ترقیاتی وفلاحی کاموں سے واقف کرایا جائے گا۔ بوتھ لیول سے ریاستی صدر، ایک دن میں 35 لاکھ خاندانوں کو مودی حکومت کے ترقیاتی و فلاحی اقدامات سے واقف کرا چکے ہیں۔
کریم نگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ جمعرات کی صبح اس پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ پروگرام کے آغاز کے ابتدائی 2گھنٹوں میں 10لاکھ خاندانوں کا احاطہ کیا جاچکا ہے۔ ہم گھر گھر پہنچ رہے ہیں۔
عوام سے بات چیت کررہے ہیں اور گزشتہ 9برسوں کے دوران مودی حکومت کے ترقیاتی اقدامات کے بارے میں ایک کتابچہ تقسیم کررہے ہیں۔ ہر گھر کے باب الداخلہ پر بی جے پی کا اسٹیکر بھی چسپاں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بوتھ لیول کے ہر ایک لیڈر سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک دن میں کم از کم100گھرانوں سے ربط پیدا کریں اور پارٹی قائدین سے کہا گیا ہے کہ وہ عوام کو 90909024 پر ڈائل کرنے کا مشورہ دیا۔
بنڈی سنجے نے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت، غریبوں کی ترقی اور ان کی بہبود کیلئے کئی اسکیمات کو رایج کررہی ہے جبکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، عوام سے کئے گئے وعدوں کو روبعمل لانے میں ناکام رہے ہیں۔
بی آر ایس قائدین، بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کے خلاف بیان بازی کے سوا کچھ نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے چندر شیکھر راؤ، ایک بار پھر ووٹروں میں تلنگانہ جذبات کو فروغ دے رہے ہیں۔