کھیل

دودھ فروش کی بیٹی نے ہندوستان کا نام روشن کردیا

پیرس100 میٹر ہو یا 200 میٹر کی دوڑ، اولمپکس اور پیرا اولمپکس میں کسی ہندوستانی کا تمغہ جیتنا ایک خواب پورا ہونے جیسا ہے۔ لیکن 23 سالہ پریتی پال نے ہندوستان کیلئے یہ خواب جیا ہے۔

پیرس: 100 میٹر ہو یا 200 میٹر کی دوڑ، اولمپکس اور پیرا اولمپکس میں کسی ہندوستانی کا تمغہ جیتنا ایک خواب پورا ہونے جیسا ہے۔ لیکن 23 سالہ پریتی پال نے ہندوستان کیلئے یہ خواب جیا ہے۔

اس خواب کو حقیقت میں بدلتے ہوئے وہ صرف 48 گھنٹوں میں دو بار پیرس پیرا اولمپکس میں ہندوستانی ترنگا لہرانے کی وجہ بن گئیں۔

پریتی پال نے 30 اگست کو 100 میٹر ریس اور 1 ستمبر کو 200 میٹر ریس میں کانسی کا تمغہ جیتا جس کے ساتھ ہی وہ پیرا لمپکس گیمز کے ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹ میں 2 میڈل جیتنے والی ہندوستان کی پہلی خاتون بن گئیں۔ پیرس پیرالمپکس میں تاریخ رقم کرنے والی پریتی پال کی کامیابی کی کہانی اتنی سادہ نہیں جتنی نظر آتی ہے۔

پریتی پال اترپردیش کے مظفر نگر ضلع کے ہاشم پور گاؤں کی رہنے والی ہے۔ وہ بچپن سے ہی دماغی فالج نامی بیماری میں مبتلا ہیں۔ ان کے والد انیل کمار پال دودھ کی ڈیری چلاتے ہیں۔ پریتی اپنے 4 بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ والد انیل کمار پال نے اپنی بیٹی کی بیماری کا میرٹھ سے دہلی تک علاج کروایا لیکن زیادہ کامیابی نہیں ملی۔

ایسے میں پریتی نے زندگی میں جو کچھ بھی ملا اسے اپنی طاقت کے طورپر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ پریتی پال کا کامیابی کا سفر اسی نیت سے شروع ہوا۔ کوچ گجیندر سنگھ سے تربیت لے کر وہ آہستہ آہستہ ترقی کی سیڑھی چڑھنے لگیں۔

پیرس پیرالمپکس میں ہندوستانی پرچم بلند کرنے سے پہلے پریتی نے ورلڈ پیرا اتھلیٹکس چمپئن شپ میں بھی اپنا نام روشن کیا تھا۔ اس نے 2024 میں جاپان میں ہونے والے مقابلہ میں کانسی کا تمغہ بھی جیتا تھا اور اب ہندوستان کو پیرس پیرالمپکس میں یکے بعد دیگرے دو تمغے جیت کر فخر کے ساتھ خوشی منانے کا دوہرا موقع دیا ہے۔

یوپی کے ایک دودھ فروش کی بیٹی اب ہندوستان کی پیاری بن گئی ہے۔ جیساکہ اس کے والد انیل کمار پال بتاتے ہیں کہ لوگ اسے کہتے تھے کہ چونکہ وہ معذور ہے اس لئے لڑکی کی شادی میں بڑی پریشانی ہوگی۔ پیرس کی کامیابی کے بعد اب وہ بتارہے ہیں کہ لڑکی نے بہت اچھا کام کیاہے اور کی وجہ سے پوری دنیا میں ہندوستان کا وقار بلند ہوا ہے۔

انیل کمار نے بتایاکہ انہوں نے اپنی بیٹی کو کبھی بوجھ نہیں سمجھا اور اس نے بھی کبھی اپنے آپ کو بوجھ بننے نہیں دیا اور ہمیشہ ہمت سے کام لیا اور آج وہ پورے ملک کی بیٹی بن گئی ہے۔ انیل کمار نے کہاکہ انہیں ان کی بیٹی کے اس شاندار کارنامہ پر فخر ہے۔

a3w
a3w