تلنگانہ

مسافر سے بدتمیزی کرنے والے آر ٹی سی ڈرائیور کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا

تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) نے ایک مسافر کے ساتھ بدتمیزی اور خواتین کے سامنے نازیبا زبان استعمال کرنے والے بس ڈرائیور کو ملازمت سے برطرف کردیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) نے ایک مسافر کے ساتھ بدتمیزی اور خواتین کے سامنے نازیبا زبان استعمال کرنے والے بس ڈرائیور کو ملازمت سے برطرف کردیا۔

ڈرائیور کی شناخت سوریہ کے طور پر کی گئی ہے، جو آر ٹی سی کے حیدرآباد-1 ڈپو میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ اس کا بیج نمبر 421 بتایا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایک مسافر نے ڈرائیور سے درخواست کی کہ وہ بس ذرا احتیاط سے چلائے کیونکہ اس کی بیوی حاملہ ہے۔ اس پر ڈرائیور نے انتہائی توہین آمیز جواب دیتے ہوئے مسافر کی بیوی کے تعلق سے بھی نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ اس کے علاوہ اس نے خواتین مسافروں کی موجودگی میں مسافر کو گالیاں بھی دیں۔

واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈرائیور کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔

معاملہ اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں آنے کے بعد آر ٹی سی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو ملازمت سے برطرف کردیا۔ اس کارروائی کو مسافروں کے ساتھ بدسلوکی کے خلاف سخت اقدام قرار دیا جارہا ہے۔