آدھار کارڈ تاریخ پیدائش کا کوئی پکا ثبوت نہیں! ایک کیس میں دہلی ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ
عدالت نے ایک خاتون ملازمہ کی برطرفی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے لیبر کورٹ کے اس فیصلے کو برقرار رکھا ہے، جس کے تحت کمپنی کو خاتون کو برطرفی کے بعد کی پوری تنخواہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
نئی دہلی: آدھار کارڈ میں درج تاریخ پیدائش کو بنیاد بناکر کسی ملازم کو ملازمت سے برطرف کرنا ایک کمپنی کو مہنگا پڑگیا۔ دہلی ہائی کورٹ نے واضح کردیا ہے کہ آدھار کارڈ کسی شخص کی شناخت کا ثبوت تو ہوسکتا ہے، لیکن اس پر درج تاریخ پیدائش کو قطعی اور مستند ثبوت تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔
عدالت نے ایک خاتون ملازمہ کی برطرفی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے لیبر کورٹ کے اس فیصلے کو برقرار رکھا ہے، جس کے تحت کمپنی کو خاتون کو برطرفی کے بعد کی پوری تنخواہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
جسٹس منوج کمار اوہری نے کمپنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ محض آدھار کارڈ میں درج تاریخ پیدائش کی بنیاد پر کسی ملازم کی ریٹائرمنٹ کی عمر طے نہیں کی جاسکتی۔
اس کے لیے دیگر مستند دستاویزات اور شواہد ضروری ہیں۔ عدالت نے اس بات پر بھی توجہ دلائی کہ کمپنی نے خود اپنے سابقہ ریکارڈ میں خاتون کی تاریخ پیدائش مختلف درج کی تھی، جسے نظرانداز کرکے بعد میں آدھار کارڈ کی بنیاد پر انہیں ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
عدالت میں پیش کردہ تفصیلات کے مطابق، خاتون 1981 سے ایک کمپنی میں فنشنگ ورکر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
مارچ 2017 میں دہلی حکومت نے ہنرمند مزدوروں کی کم سے کم اجرت میں اضافہ کیا، تاہم کمپنی نے خاتون کو بڑھی ہوئی اجرت ادا کرنے سے انکار کردیا۔ جب خاتون نے 20 مئی 2017 کو اپریل کی بقایا تنخواہ کا مطالبہ کیا تو کمپنی نے اسی روز انہیں ملازمت سے برطرف کردیا۔
اس کے بعد خاتون نے لیبر کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے دوبارہ ملازمت پر بحال کرنے اور برطرفی کے بعد کی پوری تنخواہ ادا کرنے کی درخواست کی۔ دوسری جانب کمپنی نے موقف اختیار کیا کہ خاتون 2017 میں 58 سال کی عمر کو پہنچ چکی تھیں اور ان کے آدھار کارڈ پر تاریخ پیدائش 1959 درج تھی۔
کمپنی کے مطابق اس کے ادارے میں ریٹائرمنٹ کی عمر 58 سال مقرر ہے۔ کمپنی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ خاتون نے خود استعفیٰ دیا تھا اور اپنی مرضی سے ریٹائرمنٹ حاصل کی تھی، جبکہ ان کے تمام بقایا جات بھی ادا کردیے گئے تھے۔
تاہم لیبر کورٹ نے کمپنی کے ان دلائل کو مسترد کردیا۔ ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ کمپنی نے جون 2010 میں خاتون کا ملازمین کی ریاستی بیمہ اسکیم (ای ایس آئی سی) میں اندراج کرواتے وقت ان کی تاریخ پیدائش 20 مئی 1960 درج کی تھی۔
یہ تفصیلات خود کمپنی نے فراہم کی تھیں۔ اس کے علاوہ کمپنی آدھار کارڈ میں درج تاریخ پیدائش کی تصدیق کے لیے متعلقہ ادارے کے کسی عہدیدار کو بھی عدالت میں پیش نہیں کرسکی۔
لیبر کورٹ نے قرار دیا کہ کمپنی یہ ثابت کرنے میں ناکام رہی کہ خاتون نے اپنی مرضی سے استعفیٰ دیا تھا یا ریٹائرمنٹ حاصل کی تھی۔ چنانچہ ان کی برطرفی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے برطرفی کے بعد کی پوری تنخواہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔
کمپنی نے لیبر کورٹ کے فیصلے کو دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا، لیکن وہاں بھی اسے راحت نہیں ملی۔ جسٹس منوج کمار اوہری نے کمپنی کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب کمپنی کے اپنے ریکارڈ میں خاتون کی تاریخ پیدائش 20 مئی 1960 درج تھی تو محض آدھار کارڈ میں درج دوسری تاریخ کو بنیاد بناکر انہیں ایک سال قبل ملازمت سے سبکدوش نہیں کیا جاسکتا تھا۔
عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کمپنی نے خاتون کو ملازمت سے نکالنے سے پہلے قانون کے مطابق ضروری کارروائی نہیں کی تھی اور نہ ہی یہ ثابت کیا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ چکی تھیں یا انہوں نے اپنی مرضی سے ملازمت چھوڑی تھی۔
اس طرح دہلی ہائی کورٹ نے لیبر کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے خاتون ملازمہ کو بڑی راحت دی اور کمپنی کو برطرفی کے بعد کی پوری تنخواہ ادا کرنے کا حکم برقرار رکھا۔ اس فیصلے سے ایک بار پھر واضح ہوگیا ہے کہ آدھار کارڈ کو شناخت کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، لیکن صرف اس میں درج تاریخ پیدائش کی بنیاد پر کسی شخص کے ملازمت سے متعلق حقوق یا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔