بھارت

سجادہ نشین بارگاہ حضرت نظام الدین اولیاء, مولانا محمد نظامی کا انتقال

سجادہ نشین حضرت نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ, مولانا محمد نظامی اس فانی دنیا سے وصال فرما گئے۔ ان کے انتقال سے نہ صرف ان کے مریدین، معتقدین اور محبین بلکہ تمام عالمِ اسلام میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور دینی و روحانی حلقوں کو ایک ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔

مولانا محمد نظامی اپنی علمی خدمات، روحانی تربیت اور اخلاقی اوصاف کے باعث برصغیر ہی نہیں بلکہ عالمِ اسلام میں ایک ممتاز مقام رکھتے تھے۔ آپ کی زندگی دینِ اسلام کی خدمت، اصلاحِ معاشرہ اور اخلاص و محبت کے پیغام کے فروغ کے لیے وقف رہی۔ آپ کے فیوض و برکات سے بے شمار افراد مستفید ہوئے اور آج آپ کے وصال پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔

اہلِ خانہ کے مطابق حضرت کی والدہ محترمہ اور اہلیہ اس وقت دواخانے میں زیرِ علاج ہیں۔ عقیدت مندوں اور اہلِ دل کی جانب سے ان کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان دونوں کو کامل شفا، صحت اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔


اس موقع پر اہلِ خانہ، خلفاء، مریدین اور محبین نے امتِ مسلمہ سے اپیل کی ہے کہ حضرت کے لیے ایصالِ ثواب کریں اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، پسماندگان کو صبر عطا کرے اور اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق دے۔
آمین یا رب العالمین۔