مضامین

گستاخِ نبیؐ کا ہر دور میں بدترین انجام :مفتی محمد وجیہ اللہ سبحانی کا خطاب

مفتی صاحب نے کہا کہ اسلام رواداری کے معاملے میں بہت سنجیدہ ہے اور اپنے ماننے والوں کو کفار و مشرکین، بلکہ ان کے معبودان باطلہ کو بھی بلا وجہ برا بھلا کہنے سے منع کرتا ہے۔

حیدرآباد: امام جامع مسجد محبوبیہ، مفتی حافظ محمد وجیہ اللہ سبحانی نظامی نقشبندی قادری نے 6 اکتوبر 2024ء کو "مسکنِ ابوالحسنات” اندرا نگر پھسل بنڈہ میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اسلام ایک امن و امان کا مذہب ہے جو سلامتی اور آشتی کا علمبردار ہے۔ ہر مسلمان کے لیے یہ عقیدہ ضروری ہے کہ تمام انبیاء کرام قابل تعظیم اور لائق صد احترام ہیں، اور ان پر اور ان کی نازل شدہ کتابوں پر ایمان رکھنا لازم ہے۔

متعلقہ خبریں
بدگوئی: نیکیاں کھا جانے والا فعل، ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری کا اظہار خیال
الانصار فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہفتہ وار درس قرآن
چیف منسٹر کل نومنتخب ٹیچرس میں احکام تقررات حوالے کریں گے
المیزان ٹورس اینڈ ٹراویل حج وعمرہ گروپ کے نئی برانچ کا افتتاح
علامہ حُسام الدین فاضل و علامہ حمیدالدین عاقل حسامی کی دینی و ملی خدمات کو خراج عقیدت

مفتی صاحب نے کہا کہ اسلام رواداری کے معاملے میں بہت سنجیدہ ہے اور اپنے ماننے والوں کو کفار و مشرکین، بلکہ ان کے معبودان باطلہ کو بھی بلا وجہ برا بھلا کہنے سے منع کرتا ہے۔ تاہم، کچھ اقوام و ملل اسلام اور اہل اسلام کے خلاف بغض و عناد رکھتے ہوئے مختلف حربوں سے اسلام کو بدنام کرنے اور پیغمبر آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ واقعات میں مسلمانوں پر دہشت گردی کا الزام لگایا جاتا ہے، توہین آمیز فلمیں بنائی جاتی ہیں، اور ایسے گیمز تیار کیے جاتے ہیں جن سے شعائر اسلام کا استہزاء ہوتا ہے۔ مفتی سبحانی نے اتر پردیش کے شہر غازی آباد کے ایک مندر کے ملعون پجاری کی جانب سے آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں زبان درازی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کو اپنی جان، اولاد، ماں باپ اور مال و دولت سے زیادہ عزیز رکھتے ہیں۔ آپؐ کی شان میں کسی بھی گستاخی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور خاطی کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

مفتی صاحب نے مزید کہا کہ یہ ذلیل و ملعون شخص سستی شہرت کی خاطر امت مسلمہ کی دل آزاری کر رہا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ اسے ہمیشہ کے لیے قعر مذلت میں ڈال دے گا۔ وہ دنیا میں بھی رسوا ہوگا اور آخرت میں بھی عذاب کا مستحق ہوگا۔

انہوں نے تاریخ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی شان اقدس میں گستاخی کی گئی، مسلمانوں نے بھرپور محبت و وابستگی کی بنیاد پر اپنا حق ادا کرنے کی کوشش کی۔ مفتی صاحب نے قرآن مجید کی کئی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے ہمیشہ شان اقدس میں گستاخی کرنے والوں کو بدترین انجام تک پہنچایا ہے۔

ان کے خطاب کے اختتامی کلمات میں مفتی حافظ محمد وجیہ اللہ سبحانی نے کہا کہ مسلمانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس گستاخ ملعون کے خلاف دنیا بھر میں صدائے احتجاج بلند کریں اور اسے کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں، تاکہ مستقبل میں کوئی اور اس طرح کی نازیبا حرکت کی جرات نہ کر سکے۔