دہلی
ملک میں بے روزگاری سے بڑا کوئی مسئلہ نہیں: ملیکارجن کھرگے
کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ ملک میں بے روزگاری سے زیادہ بڑا مسئلہ کوئی اور نہیں ہے۔

نئی دہلی: کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے ہفتہ کے دن دعویٰ کیا کہ ملک میں بے روزگاری سے زیادہ بڑا مسئلہ کوئی اور نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کو یاد رکھنا چاہئے کہ ہر نوجوان جس کا روزگار مودی حکومت نے چھینا ہے‘ ہر الیکشن میں بی جے پی کی ہار یقینی بنائے گا۔
پیریاڈک لیبر فورس سروے(پی ایل ایف ایس) ڈاٹا کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ تمام کوششوں کے باوجود یہ حکومت نوجوانوں کی بے بسی چھپانہیں سکی۔
کھرگے نے ایکس پر ہندی میں پوسٹ میں کہا کہ ملک میں بے روزگاری سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ نوجوانوں کا مستقبل تباہ کرنے میں مودی جی کا سب سے بڑا ہاتھ ہے۔
مودی کو جواب دینا ہوگا کہ کیا نوجوانوں کی بے روزگاری کی شرح سال 2023-24 میں 10.2 فیصد نہیں رہی۔ خوش کن نعروں اور تصویریں کھنچوانے کے سوا مودی جی نے نوجوانوں کو نوکریاں دینے کے لئے کیا کیا ہے؟۔