باپ کا قرض، رقم کی ادائیگی کیلئے بینک عہدیدار بیٹے کے گھر کا قیتی سامان لے کر چلے گئے
تفصیلات کے مطابق جی موہن نائک نے 2020 میں گڈورو ڈی سی سی (ڈسٹرکٹ کوآپریٹو سنٹرل) بینک سے زراعت کیلئے 4.4 لاکھ روپے کا قرض لیاتھا۔ قرض لینے کے بعد موہن نائک بیمار پڑ گیا اور بستر تک محدود ہوگیا۔

حیدرآباد: باپ کی جانب سے لی گئی قرض کی رقم کی ادائیگی کیلئے دباو ڈالتے ہوئے بینک کے عہدیدار بیٹے کے گھر کا قیمتی سامان بشمول گھر کے دروازے لے کر چلے گئے۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے محبوب آباد ضلع کے مدنا پورم میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق جی موہن نائک نے 2020 میں گڈورو ڈی سی سی (ڈسٹرکٹ کوآپریٹو سنٹرل) بینک سے زراعت کیلئے 4.4 لاکھ روپے کا قرض لیاتھا۔ قرض لینے کے بعد موہن نائک بیمار پڑ گیا اور بستر تک محدود ہوگیا۔
اس کے بیٹے ویریندر نے باپ کی طرف سے لیے گئے قرض کی 60 ہزار روپے کی پہلی قسط ادا کر دی تاہم بقیہ رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے بینک منیجر، پولیس کی بھاری تعداد کے ساتھ ان کے مکان پہنچ گیا اور ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے گھر کا قیمتی سامان بشمول گھر کے دروازے بھی اٹھا کرلے گیا۔
اس موقع پر ویریندر کی بیوی سواروپا جو اس وقت گھر پر تھی، نے رقم کی ادائیگی کیلئے وقت مانگا لیکن منیجر نے ایک نہ سنی۔ قرض ادا نہ کرنے کی صورت میں جائیداد ضبط کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے وہ گھر کے دو دروازے بھی لے گیا۔
دو گھنٹے بعد عملہ بھیج کر دروازوں کو وہیں رکھ دیا جہاں لے جایا گیا تھا۔ ویریندر نے پولیس سے شکایت کی کہ بینک منیجر، بغیر کوئی نوٹس دیئے ان کے گھر میں گھس گیا جس پر اس کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔