حیدرآباد میں طوفانی بارش، سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل، عام زندگی مفلوج
پرانے شہر بھی بارش سے شدید متاثر ہوا۔ چارمینار، بہادرپورہ، چندرائن گٹہ، یاقوت پورہ، فلک نما، بارکس، لنگر حوض، کاروان، ملکاپور اور آصف نگر میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔
حیدرآباد: جمعرات کی سہ پہر موسلا دھار بارش نے ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کو جل تھل کر دیا۔ لگاتار ایک گھنٹے تک برسنے والی دھواں دھار بارش نے شہر کی سڑکوں کو ندی نالوں میں بدل دیا اور کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
شدید بارش کے باعث ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔ کئی گاڑیاں سڑک پر ہی پانی میں پھنس گئیں جبکہ سوماجی گوڑہ میں گھٹنوں تک پانی جمع ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کا سب سے زیادہ اثر مشیرآباد، چکڑپلی، رام نگر، عثمانیہ یونیورسٹی، تارناکہ، دومل گوڑہ، وِدیانگر، عنبرپیٹ، کاچی گوڑہ، برکت پورہ، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، پنجہ گوٹہ، مانی کونڈہ، عابڈس، بشیر باغ اور فلم نگر میں دیکھا گیا، جہاں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
پرانے شہر بھی بارش سے شدید متاثر ہوا۔ چارمینار، بہادرپورہ، چندرائن گٹہ، یاقوت پورہ، فلک نما، بارکس، لنگر حوض، کاروان، ملکاپور اور آصف نگر میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔
شہر کے کئی حصے اب بھی پانی میں ڈوبے ہیں، جس کے باعث شہری روزمرہ کی سرگرمیوں میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ عوام نے بلدیہ سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔