حیدرآباد

حیدرآباد میں ٹریفک قوانین سخت ، پولیس کا آپریشن روپ

سگنل کے قریب اسٹاپ لائن پار کرنے پر 100 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ راہگیروں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے مالکین کو جرمانے عائدکئے جائیں گے۔

حیدرآباد: شہرحیدرآباد میں آج سے پولیس کے آپریشن ”روپ“ کا آغاز کردیاگیا۔ پولیس، ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ مہم کے دوران پارکنگ میں رکاوٹوں اور غیرمجاز قبضوں کو برخاست کرنے کی سرگرمیوں میں شدت پیدا کردی جائے گی۔

سڑکوں کے کنارے غیر مجاز قبضے کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے ان غیر مجاز قبضوں کو برخاست کیا جارہا ہے۔ جرمانے 100 روپے سے لے کر 1000 روپے کے درمیان عائد کئے جائیں گے۔ ٹو وہیلر گاڑیوں کو لے جانے کے چارجس 200 روپے اور جرمانہ 100 روپے عائدکئے جائیں گے۔فور وہیلر گاڑی کو لے جانے کے چارجس 600 روپے اور جرمانہ 100 روپے وصول کئے جائیں گے۔

سگنل کے قریب اسٹاپ لائن پار کرنے پر 100 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ راہگیروں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے مالکین کو جرمانے عائدکئے جائیں گے۔ اس خصوص میں حیدرآباد کے کمشنر پولیس سی وی آنند نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ مخصوص خلاف ورزیوں پر بھی نظررکھی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس مہم کے ابتدا ئی دو تین دن عوام میں بیداری پیدا کی جائے گی۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ گاڑیوں کو اسٹاپ لائن سے پہلے ہی روکا جانا چاہئے۔اسٹاپ لائن یا زیبراکراسنگ پر گاڑیوں کو روکے جانے پر راہگیروں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ فٹ پاتھس پر بنڈی والے اور ہاکرس غیر مجاز قبضے کررہے ہیں۔بنڈی والے اور دکاندار، فٹ پاتھس پر اپنا سامان رکھتے ہوئے راہگیروں کے لئے مشکل صورتحال پیدا کررہے ہیں۔کوویڈ کی وبا کے موقع پر غیر مجاز قبضے کم تھے۔

انہوں نے دکانداروں اور تجارتی اداروں کے ذمہ داروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنا سامان فٹ پاتھس سے رضاکارانہ طورپر ہٹادیں۔انہوں نے کہاکہ اسٹاپ لائن پر گاڑی کو نہ روکنے والوں پر بھی جرمانے عائد کئے جائیں گے۔

انہوں نے اس مہم کے سلسلہ میں عوام سے تعاون کی خواہش کی۔یہ کہتے ہوئے کہ ٹریفک کی ایسی ہی صورتحال رہے گی تو حیدرآباد کا حال بھی بنگالورو کی طرح ہوجائے گا،انہوں نے کہا کہ عوامی ٹرانسپورٹ میٹرو ٹرینیں یا آرٹی سی بسوں کے زائد استعمال سے ٹریفک جام میں کمی ہوسکے گی۔

انہوں نے ٹریپل رائیڈنگ اور دوسری خلاف ورزیوں کے خلاف بھی انتباہ دیا۔کمشنر پولیس نے کہاکہ صبر کے ساتھ ڈرائیونگ کی جائے اورسڑک پر دوسروں کا بھی خیال رکھاجائے۔کمشنر پولیس نے عوامی نمائندوں سے بھی اس مہم کے دوران تعاون دینے کی خواہش کی۔