دہلیسوشیل میڈیا

المناک حادثہ، درخت بائیک پر گرنے سے باپ بیٹی شدید زخمی (ویڈیو)

واقعہ کالکاجی کے اے بلاک، ہنسرج سیٹھی مارگ پر پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کی صبح سے دہلی-این سی آر میں مسلسل بارش ہو رہی تھی، جس کے باعث یہ درخت کمزور ہو کر گرا۔

نئی دہلی: دہلی کے کالکاجی علاقہ میں جمعرات کو مسلسل بارش کے دوران ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جب ایک نیم کا درخت اچانک جڑ سے اکھڑ کر چلتی ہوئی بائیک پر گر گیا۔ اس حادثہ میں بائیک پر سوار باپ اور بیٹی شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ دونوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعہ کالکاجی کے اے بلاک، ہنسرج سیٹھی مارگ پر پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کی صبح سے دہلی-این سی آر میں مسلسل بارش ہو رہی تھی، جس کے باعث یہ درخت کمزور ہو کر گرا۔ حادثہ کا منظر قریبی سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں صاف نظر آتا ہے کہ جیسے ہی بائیک اس مقام سے گزری، بھاری بھرکم درخت تیز جھٹکے کے ساتھ بائیک پر آگرا۔ بائیک کے عقب میں بیٹھی لڑکی اس کے نیچے دب گئی۔ اردگرد موجود لوگوں نے فوراً مدد کرنے کی کوشش کی، مگر درخت کا وزن اتنا زیادہ تھا کہ وہ فوری طور پر لڑکی کو نہ نکال سکے۔

عینی شاہدین کے مطابق، اس درخت کے گرنے سے قریب کھڑی کئی کاریں بھی متاثر ہوئیں اور ان کو نقصان پہنچا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور درخت کو ہٹا کر زخمیوں کو نکالا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ میں پرانے اور کمزور درختوں کی نشاندہی کر کے جلد ہی کٹائی یا مضبوطی کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ آئندہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔