حیدرآباد

ایم ایل ایز پوچنگ کیس، رہائی کے بعد دو ملزمین کی دوبارہ گرفتاری

ایم ایل ایز پوچنگ کیس کے دوملزمین کو رہائی کے مختصر وقفہ کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ دیگر مقدمات کے تحت ان دوملزمین کو جمعرات کے روز دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

حیدرآباد: ایم ایل ایز پوچنگ کیس کے دوملزمین کو رہائی کے مختصر وقفہ کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ دیگر مقدمات کے تحت ان دوملزمین کو جمعرات کے روز دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

رامچندر بھارتی اور کے نندا کمار، چنچل گوڑہ جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد بنجارہ ہلز پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان دونوں کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ایک سے زائدپاسپورٹس، آدھار کارڈز اور دیگر دستاویزات، رکھنے کے الزام میں رامچندرا بھارتی کو گرفتار کیا گیا جبکہ نندا کمار کے خلاف دھوکہ دہی اور دیگر جرائم کے5 سے زائد مقدمات درج کئے گئے۔

ایم ایل ایز پوچنگ کیس کے تین اہم ملزمین کو ہائی کورٹ نے یکم دسمبر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم یہ ملزمین تقریباً ایک ہفتہ تک جیل میں اس وجہ سے رہے کیونکہ وہ،2ضمانتیں اور 3لاکھ روپے کی شخصی مچلکہ کا نظم کرنے سے قاصر تھے۔

ہائی کورٹ نے انہیں 2ضمانت اور 3لاکھ روپے کی شخصی مچلکہ پر رہائی کی ہدایت دی تھی۔ ایس آئی ٹی نے تحقیقات کے دوران پایا کہ رامچندر بھارتی کے دو پاسپورٹس پائے گئے، جس کے بعد بنجارہ ہلز پولیس نے ان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ بابتہ1967کے علاوہ مختلف دفعات کے تحت کیس درج کئے۔

ان کے دو پاسپورٹ پر دونوں نام مختلف تھے۔ ایک پاسپورٹ پر شری رامچندرا سوامی جی اور دوسرے پر بھارت کمار شرما نام درج تھا۔ شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں نندا کمار کے خلاف5مقدمات درج ہیں۔ اس کے خلاف ایس سی / ایس ٹی ایکٹ کے تحت ایک کیس بھی درج کیا جاچکا ہے۔