دردناک واقعہ، چپس پیکٹ میں موجود کھلونا بندوق نگلنے سے 4 سالہ بچہ کی موت
گھبراہٹ میں والدین نے خود کھلونا نکالنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ ملی۔ فوراً بچے کو 30 کلومیٹر دور واقع ایک اسپتال لے جایا گیا، مگر ڈاکٹروں نے بتایا کہ بگِل راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔
بھونیشور: اوڈیشہ کے کندھمال ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں چپس کے پیکٹ میں چھپی ایک چھوٹی کھلونا بندوق نے معصوم کی جان لے لی۔ چار سالہ بگِل نامی بچہ اس کھلونے کو کھیلتے ہوئے اچانک نگل بیٹھا جس کے بعد اس کا سانس رک گیا اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑا۔
اطلاعات کے مطابق، منگل کو موسومہا پاڑا گاؤں کے رنجیت پردھان اپنے بیٹے بگِل کے لیے دکان سے چپس کا ایک پیکٹ خرید کر لائے۔ جیسے ہی پیکٹ کھولا گیا، اس میں ایک چھوٹی کھلونا بندوق برآمد ہوئی۔
والدین کی ذرا سی غفلت کے دوران بچہ اس کھلونے سے کھیلنے لگا اور اچانک اسے منہ میں ڈال کر نگل گیا۔ کھلونا اس کے گلے میں پھنس گیا، جس سے بگِل سانس نہ لے سکا اور حالت بگڑنے لگی۔
گھبراہٹ میں والدین نے خود کھلونا نکالنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ ملی۔ فوراً بچے کو 30 کلومیٹر دور واقع ایک اسپتال لے جایا گیا، مگر ڈاکٹروں نے بتایا کہ بگِل راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔
مقامی پولیس کے مطابق اس واقعے کے سلسلے میں اب تک کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کی گئی۔ اس افسوسناک واقعے نے علاقے میں غم اور صدمے کی فضا پیدا کر دی ہے، جبکہ بچوں کی مصنوعات کی حفاظت پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں۔