حیدرآباد

قاتل کانسٹیبل نے سید سیف الدین کو گولی مارنے سے پہلے انہیں بندوق کی نوک پر پینٹری کار تک چلنے کیلئے مجبور کیا

آر پی ایف کانسٹیبل چیتن سنگھ نے ٹرین کے B2 کوچ میں سفر کرنے والے ایک مسافر سید سیف الدین کو بندوق کی نوک پر پینٹری کار تک جانے کے لئے مجبور کیا جہاں اس نے انہیں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ممبئی: ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کانسٹیبل چیتن سنگھ نے جئے پور-ممبئی ٹرین کی B2 بوگی کے ایک مسافر کو بندوق کی نوک پر پینٹری کار تک چلنے کے لئے مجبور کیا تھا۔ پینٹری کار دو کوچ کے فاصلے پر تھی جہاں اس نے اس مسافر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ جی آر پی (گورنمنٹ ریلوے پولیس) کے ایک اہلکار نے تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات بتائی۔

واضح رہے کہ چیتن سنگھ (33) نے پیر کی صبح ممبئی کے مضافات میں پالگھر ریلوے اسٹیشن کے قریب چلتی ٹرین میں سوار اپنے سینئر آر پی ایف ساتھی ٹیکا رام مینا اور تین مسلم مسافرین کو اپنے خودکار ہتھیار سے گولی گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔  

آر پی ایف کانسٹیبل چیتن سنگھ نے ٹرین کے B2 کوچ میں سفر کرنے والے ایک مسافر سید سیف الدین کو بندوق کی نوک پر پینٹری کار تک جانے کے لئے مجبور کیا جہاں اس نے انہیں گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

انہوں نے پینٹری کار تک پہنچنے سے پہلے کوچزB2  اور B1 کو عبور کیا جبکہ دیگر مسافر یہ دیکھتے رہے۔

گورنمنٹ ریلوے پولیس کم از کم پانچ بوگیوں کے مسافرین کی تفصیلات اکٹھا کر رہا ہے جنہوں نے خود کار ہتھیار سے چیتن سنگھ کے ہاتھوں ہلاکتوں کو دیکھا ہوگا۔ اب تک کم از کم ایک درجن مسافروں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

اہلکار نے مزید بتایا کہ ملزم کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے لیکن قتل کے پیچھے اس کا مقصد ابھی تک واضح نہیں ہوا ہے۔ ہم دوسرے مسافروں کے بارے میں بھی معلومات اکٹھا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیر کی صبح ٹرین اپنی آخری منزل ممبئی سنٹرل پہنچنے سے پہلے بہت سے مسافر بوریولی اسٹیشن پر اتر گئے تھے۔

اہلکار نے مزید بتایا کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم زیادہ سے زیادہ مسافروں کے بیانات ریکارڈ کرنے کی کوشش کریں گے۔ خاص طور پر وہ لوگ جو اہم گواہ ہیں۔

مسافروں کی شناخت پالگھر کے نالاسوپارہ کے رہنے والے عبدالقادر بھائی محمد حسین بھان پور والا (58)، بہار کے مدھوبنی کے رہنے والے اصغر عباس شیخ (48) اور حیدرآباد کے سید سیف الدین (43) کے طور پر ہوئی ہے۔

یہ حیدرآباد کے علاقہ بازار گھاٹ کے رہنے والے سیف الدین ہی تھے، جنہیں چیتن سنگھ نے اپنی بندوق کی نوک پر پینٹری کار تک چلنے پر مجبور کیا جہاں اس نے انہیں گولی مار کر ہلاک کردیا۔  

ایک اور سینئر اہلکار نے بتایا کہ جی آر پی تحقیقات کے حصے کے طور پر ٹرین میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی اسکین کررہی ہے۔  

حکام نے بتایا کہ فائرنگ واقعے کی تحقیقات کے لئے قائم کی گئی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اراکین ممبئی پہنچ گئے ہیں۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ ریلوے بورڈ نے ٹرین فائرنگ کے واقعہ کی "جامع تحقیقات” کے لئے ایک پانچ رکنی کمیٹی قائم کی ہے۔

عدالت نے قاتل کانسٹیبل کو 7 اگست تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔