تلنگانہ کے منتخب پولیس کانسٹیبلس کی 21فروری سے تربیت
پولیس کانسٹیبلس کے طور پر منتخب افرادکی تربیت اس مہینے کی 21 تاریخ سے تلنگانہ بھر کے 28 مراکز میں ہوگی۔

حیدرآباد: پولیس کانسٹیبلس کے طور پر منتخب افرادکی تربیت اس مہینے کی 21 تاریخ سے تلنگانہ بھر کے 28 مراکز میں ہوگی۔
ٹی ایس ایس پی بٹالینس، پولیس ٹریننگ کالجس، ڈسٹرکٹ ٹریننگ سنٹرس، سٹی ٹریننگ سنٹرس کے ساتھ راجہ بہادر وینکٹ رام ریڈی تلنگانہ پولیس اکیڈیمی میں یہ تربیت دی جائے گی۔
سیول، اے آر،ایس آر سی پی ایل،ٹی ایس ایس پی ڈویژنوں کے لیے جملہ13,444 کانسٹیبلوں کا انتخاب کیا گیا ہے تاہم ریاست کے تربیتی مراکز میں صرف 11 ہزار افرادکے لیے سہولیات ہیں جس پر ٹی ایس ایس پی سے تعلق رکھنے والے 5,010 افراد کی ٹریننگ کو عارضی طور پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بقیہ کے لیے مزید دو دن میں ٹریننگ شروع کردی جائے گی۔اس سلسلہ میں واضح ہدایات پہلے ہی متعلقہ مراکز کے پرنسپلس کو بھیج دی گئی ہیں۔
اگرچہ تلنگانہ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ (ٹی ایس ایل پی آر بی) کے ذریعہ کئے گئے اہلیتی امتحانات کے حتمی نتائج کا اعلان اکتوبر میں ہی کردیا گیا تھا لیکن قانونی معاملات کی وجہ سے حتمی انتخاب کا عمل ملتوی کردیا گیا تھا۔
وزیراعلی ریونت ریڈی نے اس ماہ کی 14 تاریخ کو ایل بی اسٹیڈیم میں کانسٹیبلوں کو تقررات کے دستاویزات حوالے کئے اور ٹریننگ ڈپارٹمنٹ کے انچارج آئی جے پی ابھیلاش بھشٹ نے ٹریننگ کے لیے ضروری انتظامات مکمل کئے۔عہدیدار ٹی ایس اے کانسٹیبلوں کو تربیت دینے کے متبادل طریقے تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
اس خصوص میں تلنگانہ کے ٹریننگ ڈپارٹمنٹ نے سی آر پی ایس ڈپارٹمنٹ کے ساتھ ساتھ اے پی اور کرناٹک کے پولیس محکموں کو مکتوب تحریر کئے۔ وہ وہاں کے مراکز میں اجازت ملنے پر تربیت شروع کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
پولیس اکیڈیمی میں 500 سے زائد خاتون کانسٹیبلس پہلے ہی تربیت حاصل کر رہی ہیں جبکہ مزید 658 خاتون کانسٹیبلس کو تربیت دی جائے گی۔ ورنگل پی ٹی سی اور میڈیکل پی ٹی سی میں 1000 سیول اور 400 اے آر خاتون کانسٹیبلوں کو تربیت دینے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔