بین الاقوامیسوشیل میڈیا
ٹرینڈنگ

مکہ مکرمہ میں دو بنگلہ دیشی شہریوں کو غیر اخلاقی حرکت کرنے پر پھانسی دے دی گئی

سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان برقرار رکھنے، انصاف کے نفاذ اور مساجد کے تقدس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اسلامی قوانین کے مطابق کارروائی کے لیے پُرعزم ہے۔

جدہ۔ سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کی ایک مسجد کے اندر غیر اخلاقی حرکات کے مرتکب قرار دیے گئے بنگلہ دیشی مرد اور خاتون کو سزائے موت دے دی گئی۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق دونوں کی سزاؤں پر 14 اکتوبر 2026 کو مکہ ریجن میں عمل درآمد کیا گیا۔

سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق سزائے موت پانے والوں کی شناخت نذرالاسلام عبدال بصیر اور سیتی اختر کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں بنگلہ دیشی شہری تھے۔

وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق، سکیورٹی حکام نے مکہ مکرمہ کی ایک مسجد میں مبینہ غیر اخلاقی حرکات کے بعد دونوں کو گرفتار کیا تھا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان کے خلاف مقدمہ متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں الزامات ثابت ہونے پر انہیں تعزیری قانون کے تحت سزائے موت سنائی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ عدالت نے جرم کی سنگینی، مسجد کے تقدس کی خلاف ورزی اور واقعے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سزا سنائی۔ متعلقہ عدالتی اتھارٹی کی جانب سے فیصلہ کی توثیق کے بعد شاہی حکم کے ذریعے سزاؤں پر عمل درآمد کی منظوری دی گئی۔

سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان برقرار رکھنے، انصاف کے نفاذ اور مساجد کے تقدس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اسلامی قوانین کے مطابق کارروائی کے لیے پُرعزم ہے۔

وزارت نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے جرائم میں ملوث افراد کو سعودی قوانین کے تحت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔