ایشیاء

نیپال میں دو بسیں بہہ گئیں، 65مسافرین بشمول 7ہندوستانی لاپتا

نیپال میں جمعہ کی صبح دو بسیں ایک دریا میں بہہ گئیں۔ سمجھاجاتا ہے کہ 60 سے زائد مسافرین بشمول 7ہندوستانی شہری لاپتہ ہوگئے ہیں۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔

کٹھمنڈو: نیپال میں جمعہ کی صبح دو بسیں ایک دریا میں بہہ گئیں۔ سمجھاجاتا ہے کہ 60 سے زائد مسافرین بشمول 7ہندوستانی شہری لاپتہ ہوگئے ہیں۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔

دو بسیں جن میں 65 مسافرین سوارتھے‘ دریائے تریشولی میں بہہ گئیں۔ یہ دریا ضلع چتوان میں بہتی ہے۔ مائی ریپبلیکا نیوزپورٹل نے عہدیداروں کے حوالہ سے یہ اطلاع دی۔

چیف ڈسٹرکٹ آفیسر چتوان اندردیو یادو نے واقعہ کی توثیق کی۔ انہوں نے کہا کہ کٹھمنڈو جانے والی اینجل ڈیلکس بس اور کٹھمنڈو سے گور جانے والی گنپتی ڈیلکس بس کو کل رات 3:30بجے کے آس پاس حادثہ پیش آیا۔ ایک بس میں 24افراد کٹھمنڈوجارہے تھے اور دوسری میں 41 گور کی طرف روانہ تھے۔

گنپتی ڈیلکس بس کے تین مسافرین باہرکود کر بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔ کٹھمنڈوپوسٹ نے یہ اطلاع دی۔ کٹھمنڈوجانے والی اینجل ڈیلکس بس کے 21 مسافرین کی جانکاری مل گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس بس میں سوار 7مسافرین ہندوستانی شہری تھے۔ لاپتہ ہندوستانی شہریوں کے نام سنتوش ٹھاکر‘ سریندرشاہ‘ ادیب میاں‘ سنیل‘ شاہ نوازعالم اور انصاری بتائے گئے ہیں۔ایک اور شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔

بچاؤ کارکنوں نے سڑکوں پر پڑے مٹی کے تودے ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے۔ وزیراعظم پشپاکمارداہل پرچنڈا نے دریائے تریشولی میں دو بسوں کے لاپتہ ہوجانے پر دکھ ظاہرکیا۔

انہوں نے عہدیداروں کو فوری سرچ وریسکیوآپریشن چلانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب اور زمین کھسکنے سے انسانی جان ومال کے نقصان پر بھی دکھ ظاہرکیا۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ضروری احتیاط برتیں۔ نیپال پولیس اور آرمڈپولیس فورس کے جوان مقام حادثہ پرروانہ ہوگئے۔

a3w
a3w