ایشیاء

فلپائن میں طوفان کالمیگی کی تباہ کاریاں، 140 ہلاک، درجنوں لاپتہ

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلپائن کے شہر سیبو میں سیلاب نے مکانات، گاڑیاں اور کنٹینرز کو بھی اڑا کر رکھ دیا، کلمیگی طوفان کو 2025 کا سب سے خطرناک طوفان قراردیا جارہا ہے۔

منیلا: فلپائن میں آنے والے خوفناک سمندری طوفان کالمیگی نے وسطی علاقوں کو ملیا میٹ کرکے رکھ دیا، مختلف حادثات میں 140 افراد ہلاک جبکہ درجنوں لاپتہ ہوگئے۔


غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلپائن کے شہر سیبو میں سیلاب نے مکانات، گاڑیاں اور کنٹینرز کو بھی اڑا کر رکھ دیا، کلمیگی طوفان کو 2025 کا سب سے خطرناک طوفان قراردیا جارہا ہے۔


جزیرہ سیبو میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی جہاں 39 افراد ڈوبنے یا ملبے کے نیچے آ کر اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، قریبی جزیرے بوہول سے بھی ایک ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔


10 ہزار سے زائد افراد کو اب تک محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا جبکہ سیکڑوں مکانات زیرِ آب آ گئے۔ کئی شہروں میں بجلی منقطع ہے اور ٹیلی فون سروس بھی متاثر ہے۔


طوفان کالمیگی کے باعث 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے سب کچھ تباہ کردیا ہے، صدر مارکوس نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔


ویتنام میں حکام نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد فوجی اور ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کردیا ہے۔ ساحلی علاقوں سے شہریوں کو انخلا کا حکم دے دیا گیا جبکہ ہوائی اڈے اور اہم شاہراہوں کو بند کردیا گیا ہے۔