اتراکھنڈ میں جاریہ ماہ سے یکساں سیول کوڈ کا نفاذ
دھامی نے لینڈ جہاد سے نمٹنے کے اقدامات کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ 5 ہزار ایکڑ اراضی سے ناجائز قبضوں کو برخاست کرایا گیا ہے۔ انہوں نے ”تھوک جہاد“ جیسے مسائل سے نمٹنے کا بھی تذکرہ کیا۔
بریلی(یوپی): چیف منسٹر اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی نے جمعرات کے روز ریاست میں شروع کئے گئے مختلف اسکیمات کو اجاگر کیا اور جاریہ ماہ ”دیو بھومی“ میں یکساں سیول کوڈ(یو سی سی)نافذ کرنے کے تیقن کا اعادہ کیا۔ اتراکھنڈ‘ ملک کی پہلی ریاست ہوگی جہاں یو سی سی ایکٹ نافذ کیا جائے گا جس کے تحت درج فہرست قبائل کے سوائے بلالحاظ مذہب ریاست کے تمام شہریوں کے لئے شادی‘ طلاق‘ وراثت اور جانشینی کے یکساں قواعدپر عمل آوری کرنا ہے۔
اس کے تحت تمام شادیوں اور لیو اِن ریلیشن شپ کا رجسٹریشن لازمی ہوگا۔ دھامی نے بریلی میں 29 ویں اترایانی میلہ کے افتتاح کے دوران کہا کہ ہم نے دیوبھومی اتراکھنڈ میں یکساں سیول کوڈ قانون بنایا ہے۔ یہ اس ریاست کا پہلا اعزاز ہے اور اسے جاریہ ماہ نافذ کردیا جائے گا۔
انہوں نے یکساں سیول کوڈ کا ہندوستان کی مقدس دریاؤں جیسے شاردا‘ گنگا‘ سرسوتی اور کاویری کے ساتھ تقابل کیااور کہا کہ جس طرح یہ دریائیں ملک بھر میں زندگی کو برقرار رکھتی ہیں‘ یو سی سی بھی اسی طرح کام کرے گا۔ ریاست کے سیاحتی اور انفرااسٹرکچر اقدامات کے بارے میں دھامی نے کہا کہ ہری دوار اور رشی کیش میں ہم گنگا کاریڈور بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
دریائے شاردا پر بھی ایک کاریڈور کا کام شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتراکھنڈ میں یاتریوں اور سیاحوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ حکمرانی اور سیکوریٹی کے بارے میں دھامی نے مختلف قانونی اصلاحات پر پیشرفت کا تذکرہ کیا جن میں انسدادِ تبدیلی مذہب قانون‘ مخالف فساد قانون کا نفاذ اور امتحانی بدعنوانیوں سے نمٹنے کے اقدامات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مخالف فساد قانون وضع کرتے ہوئے سخت اقدامات کئے ہیں۔ فسادات کے دوران ہونے والے نقصانات کی تلافی مرتکبین سے کی جائے گی۔ اسی طرح ہمارے انسدادِ نقل نویسی قانون کی وجہ سے زائداز 100 افراد کو جیل بھیج دیا گیا ہے جو امتحانی بدعنوانیوں میں ملوث تھے۔ ایسا کرنے سے مستحق امیدواروں کے لئے مساوی مواقع کو یقینی بنایا گیا ہے۔
دھامی نے لینڈ جہاد سے نمٹنے کے اقدامات کا تذکرہ کیا اور بتایا کہ 5 ہزار ایکڑ اراضی سے ناجائز قبضوں کو برخاست کرایا گیا ہے۔ انہوں نے ”تھوک جہاد“ جیسے مسائل سے نمٹنے کا بھی تذکرہ کیا۔
یکساں سیول کوڈ گزشتہ کئی برسوں سے بی جے پی کے قومی ایجنڈہ میں شامل ہے لیکن اتراکھنڈ میں پارٹی کی حکومت اس کے نفاذ کے لئے ٹھوس قدم اٹھانی والی پہلی حکومت بن گئی ہے۔ سپریم کورٹ کی ریٹائرڈ جج رنجنا پرکاش دیسائی کی زیرصدارت تشکیل دی گئی کمیٹی نے فروری 2024 میں ریاستی حکومت کو 4 جلدوں پر مشتمل جامع مسودہ پیش کیا تھا۔
اس مسودہ پر کارروائی کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے چند دن بعد اسمبلی میں اتراکھنڈ یکساں سیول کوڈ بل پیش کیا تھا جسے 7 فروری کو منظوری دی گئی تھی۔