کھیل

عثمان قادر کا دوبارہ پاکستان کیلئے نہ کھیلنے کا فیصلہ

پاکستانی شائقین ابھی بابراعظم کے کپتانی چھوڑنے کے صدمے سے سنبھل نہیں پائے تھے کہ اب انہیں ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا ہے۔ پاکستان کے بہترین بولروں میں سے ایک نے اچانک اپنے ہی ملک کی کرکٹ سے اپنے تعلقات توڑ لیے ہیں۔

کراچی: پاکستانی شائقین ابھی بابراعظم کے کپتانی چھوڑنے کے صدمے سے سنبھل نہیں پائے تھے کہ اب انہیں ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا ہے۔ پاکستان کے بہترین بولروں میں سے ایک نے اچانک اپنے ہی ملک کی کرکٹ سے اپنے تعلقات توڑ لیے ہیں۔

متعلقہ خبریں
انگلش کرکٹرس آئی پی ایل کے سوا دوسری لیگ نہیں کھیلیں گے!

سابق عظیم اسپن گیندباز عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر نے آج سوشل میڈیا پر اعلان کیاکہ وہ اب پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے نہیں کھیلیں گے۔ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کے علاوہ پاکستان کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی حصہ نہیں لیں گے۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ عثمان قادر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہیں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے کے بارے میں نہیں لکھا۔ انہوں نے حال ہی میں پاکستانی کرکٹ سے اپنے تعلقات منقطع کرلیے ہیں۔ عثمان قادر پاکستان کی جانب سے 25 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ونڈے میچ کھیل چکے ہیں۔

عثمان نے 25 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 31 وکٹیں حاصل کیں اور ان کا اکانومی ریٹ 7.95 رنز فی اوور تھا۔ انہیں ونڈے میں صرف ایک میچ کھیلنے کا موقع ملا۔ عثمان قادر 3 سال سے زائد عرصہ سے ونڈے ٹیم سے باہر تھے۔

انہیں گزشتہ ایک سال سے ٹی ٹوئنٹی میں موقع نہیں ملا تھا ممکن ہے عثمان نے یہ فیصلہ اسی وجہ سے کیا ہو۔ عثمان قادر نے حال ہی میں منعقدہ چمپئنز کپ میں بھی کھیلا جس میں انہوں نے دو میچوں میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ عثمان قادر کے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی پاکستان کا ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنا تھا۔

انہوں نے 2010 میں ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ڈیبیو کیا۔ اس کے بعد عثمان قادر آسٹریلیا گئے جہاں انہوں نے جنوبی آسٹریلیا میں ایڈیلیڈ کرکٹ کلب کیلئے کافی کرکٹ کھیلی۔ ستمبر 2018 میں انہوں نے بگ بیش میں پرتھ سکارچرز کے ساتھ معاہدہ کیا۔

انہوں نے 26 ستمبر 2018 کو ویسٹرن آسٹریلیا کیلئے بھی ڈیبیو کیا اور اس کے بعد انہوں نے آسٹریلیا کیلئے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی۔ تاہم اس کے بعد انہیں پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے منتخب کیاتھا۔

انہیں بنگلہ دیش اور زمبابوے کیخلاف بھی ٹیم میں منتخب کیا گیاتھا۔ اس کے بعد عثمان قادر نے صرف پاکستان کیلئے کھیلنا شروع کیا۔ ان کی کارکردگی بھی اچھی رہی لیکن گزشتہ ایک سال سے وہ ٹیم میں منتخب نہ ہوسکے اور آخر کار انہوں نے پاکستان کرکٹ سے اپنے تعلقات توڑ لیے۔