عالمی یوم فوٹوگرافی کے موقع پر تلنگانہ بھر میں مختلف پروگراموں کا اہتمام
اس موقع پرانہوں نے کہا کہ پیچیدہ مسائل کے حل میں بھی تصاویر اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب میں بہترین تصاویر لینے والے متعدد فوٹوگرافروں کو ریاستی سطح کے ایوارڈس سے نوازا گیا۔ رعیتو بھروسہ، اندرماں ہاؤسنگ جیسے عوامی اہمیت کے موضوعات پر مبنی تصاویر کو اعزاز دیا گیا۔
حیدرآباد: عالمی یوم فوٹوگرافی کے موقع پر تلنگانہ بھر میں مختلف پروگرام منعقد ہوئے۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بَنڈی سنجے کمار، ریاستی وزیر اطلاعات پی سرینواس ریڈی اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے فوٹوگرافروں کو مبارکباد دی۔
ریاستی حکومت نے عالمی یوم فوٹوگرافی کو شاندار انداز میں منایا۔ حیدرآباد میں منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ سرینواس ریڈی نے فوٹو نمائش کا افتتاح کیا۔
اس موقع پرانہوں نے کہا کہ پیچیدہ مسائل کے حل میں بھی تصاویر اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب میں بہترین تصاویر لینے والے متعدد فوٹوگرافروں کو ریاستی سطح کے ایوارڈس سے نوازا گیا۔ رعیتو بھروسہ، اندرماں ہاؤسنگ جیسے عوامی اہمیت کے موضوعات پر مبنی تصاویر کو اعزاز دیا گیا۔
چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، میڈیا اکیڈمی کے چیئرمین کے سرینواس ریڈی، محکمہ اطلاعات کی اسپیشل کمشنر سی ایچ پرینکا سمیت کئی اہم شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ بنڈی سنجے نے اس موقع پر کہا کہ ہر کلک ایک یاد ہے اور ہر فریم ایک کہانی ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر کہا کہ آج کے دن کی اہمیت یہی ہے کہ ہم ان تصاویر کی طاقت کو تسلیم کریں جو ہماری کہانیاں سناتی ہیں۔
اس سے قبل تلنگانہ فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ ریاستی سطح کے نیوز فوٹو کانٹیسٹ اور فوٹو نمائش کا حیدرآباد میں وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالات کے مطابق فنکارانہ انداز میں تصاویر لینے کے لیے مہارت ضروری ہے اور فوٹوگرافروں کے مسائل پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور وزیر سرینواس ریڈی مثبت رویہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا اکیڈمی کے چیئرمین کے ذریعہ مسائل کو حکومت کے علم میں لایا جائے گا۔
میڈیا اکیڈمی کے چیئرمین، ٹورازم کارپوریشن کے چیئرمین پٹیل رمیش ریڈی اور تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹس یونین کے صدر وراہت علی بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔