ویڈیوز: برازیل میں مسافر بردار طیارہ تباہ، 62 افراد كی دردناک موت
برازیل میں ایک مسافر بردار طیارہ ساؤ پالو کے نواح میں مکانات پر گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 62 افراد ہلاک ہوگئے۔
نئی دہلی: برازیل میں ایک مسافر بردار طیارہ ساؤ پالو کے نواح میں مکانات پر گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 62 افراد ہلاک ہوگئے۔
برازیل کے محکمہ شہری دفاع کے حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بتایا کہ طیارے کے گرنے سے کئی مکانات بھی تباہ ہوئے۔
برازیل کے صدر لوئی اناشیو لیولا ڈا سِلوا نے کہا ہے کہ بظاہر تمام مسافر ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہی۔
طیارے میں 58 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے۔فلائٹ راڈار 24 کے مطابق طیارہ کاسکاویل سے ساؤ پالو پہنچا تھا۔ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دن کے ڈیڑھ بجے رونما ہوا۔
ووپاس ایئر لائنز کے مطابق حادثے کا سبب معلوم نہیں ہوسکا۔ اس طیارے میں آگ لگنے اور گرنے سے سے متعلق کئی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ طیارہ درختوں کے جھرمٹ میں گرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے.جس کے بعد سیاہ دھوئیں کا ایک بڑا بادل اٹھ رہا ہے۔
دوسری جانب ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، برازیل کے صدرنے حادثے کے متاثرین کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی. انہوں نے مزید کہا کہ جہاز میں سوار تمام افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔